لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام، اداکارہ روینا ٹنڈن پر گھر کے باہر ہجوم کا حملہ
لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا الزام، اداکارہ روینا ٹنڈن پر گھر کے باہر ہجوم کا حملہ
اتوار 2 جون 2024 16:42
روینا ٹنڈن رواں برس فلم ’ویلکم ٹو ڈی جنگل‘ میں بڑے پردے پر نظر آئیں گی (فوٹو: اے ایف پی)
بالی وُڈ اداکارہ روینا ٹنڈن پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں گھر کے باہر مشتعل ہجوم نے حملہ کیا ہے۔
انڈین میڈیا اور شوبز ویب سائٹس کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مشتعل افراد کی جانب سے روینا ٹںڈن پر لاپرواہی سے گاڑی چلانے کے الزام میں حملے کا نشانہ بنایا جا رہا ہوتا ہے۔
ہجوم کی جانب سے اداکارہ پر الزام لگایا گیا کہ انہوں نے ممبئی میں واقع رضوی کالج کے قریب کارٹر روڈ پر تین خواتین کو لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر ماری۔
باندرا کے رہائشی محمد نامی شخص نے میڈیا کو بتایا کہ اُن کی والدہ، بہن اور بھانجی روینا ٹںڈن کے گھر کے قریب سے گزر رہی تھیں کہ اداکارہ نے اُن پر گاڑی چڑھا دی۔‘
انہوں نے مزید الزام لگایا کہ جب خواتین نے اداکارہ کو روکنا چاہا تو انہوں نے گاڑی سے باہر نکل کر اُن کی والدہ اور بھانجی پر تشدد کیا۔
محمد نامی شخص کی جانب سے اداکارہ پر شراب کے نشے میں دھت ہونے کا الزام بھی لگایا گیا۔
دوسری جانب ہندوستان ٹائمز کو ذرائع نے بتایا کہ ’روینا نشے میں نہیں تھیں۔ مبینہ طور پر متاثر افراد نے پولیس کے سامنے بیان دیا ہے کہ ’اگر گاڑی کی ٹکر انہیں لگ جاتی تو‘۔ اس کا مطلب ہے کہ انہیں گاڑی کی ٹکر نہیں لگی۔‘
ہجوم کی جانب سے الزام لگایا گیا کہ اداکارہ نے ممبئی کے کارٹر روڈ پر تین خواتین کو لاپرواہی سے گاڑی چلاتے ہوئے ٹکر ماری (فائل فوٹو: اے ایف پی)
ذرائع نے مزید بتایا کہ ’مشتعل افراد نے اداکارہ کے ڈرائیور پر بھی حملہ کیا جس پر اداکارہ نے اپنے ڈرائیور کو گھر کے اندر جانے کا کہا۔ یہ بات جھوٹ ہے کہ ڈرائیور بھاگ گیا ہے۔‘
خیال ہے کہ روینا ٹنڈن رواں برس فلم ’ویلکم ٹو ڈی جنگل‘ میں بڑے پردے پر نظر آئیں گی۔
اس فلم کی کاسٹ میں روینا ٹنڈن کے علاوہ اکشے کمار، سنجے دت، ارشد وارثی، جیکولین فرنینڈس، دیشا پتانی اور سنیل شیٹھی شامل ہیں۔
ویلکم ٹو دی جنگل کی ہدایت کاری احمد خان کر رہے ہیں جبکہ یہ فلم بھی کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔