Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بالی وڈ کی ’پانچ بڑی فلمیں،‘ جن کی ریلیز کے لیے شائقین ’بے تاب‘

ستارے زمین پر کی مرکزی کاسٹ میں عامر خان، جینیلیا دیش مکھ اور درشیل سفاری شامل ہیں (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)
بالی وڈ انڈسٹری کے لیے جہاں گذشتہ سال شاندار ثابت ہوا وہیں رواں برس ابھی تک کوئی بھی ہندی فلم باکس آفس پر بلاک بسٹر ٹیگ حاصل نہ کر سکی۔
رواں برس کئی بڑی ہندی فلمیں ریلیز ہوئیں، تاہم کوئی بھی فلم 500 کروڑ انڈین روپے کمانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔
بالی وڈ کے مداحوں کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ 2024 میں کئی بڑی فلمیں ریلیز ہونے والی ہیں جو کہ باکس آفس پر دھوم مچانے کے ساتھ ساتھ فلم بینوں کے دل بھی جیت سکتی ہیں۔
آئیے جانتے ہیں کہ 2024 میں ریلیز ہونے والی پانچ اہم بالی وڈ فلمیں کون سی ہیں۔ 
سنگھم اگین
’سنگھم اگین‘ رواں برس ریلیز ہونے والی بڑی بالی وڈ فلموں میں سے ایک فلم ہے۔
یہ 2011 میں ریلیز ہونے والی سپرہٹ فلم ’سنگھم‘ کا تیسرا پارٹ ہے۔
’سنگھم اگین‘ مشہور ہدایت کار روہت شیٹھی کی ’پولیس یونیورس‘ سیریز کا بھی حصہ ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں اجے دیوگن، کرینہ کپور، دپیکا پاڈوکون اور ارجن کپور شامل ہیں جبکہ اکشے کمار اور رنویر سنگھ کا کیمیو رول بھی متوقع ہے۔
’سنگھم اگین‘ رواں برس 15 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
ستارے زمین پر
’ستارے زمین پر‘ رواں برس ریلیز ہونے والی وہ فلم ہے جس کا فلم بین شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
اس فلم کے ذریعے عامر خان دو برسوں بعد بڑے پردے پر واپسی کر رہے ہیں۔
فلموں کے ڈیٹا بیس کی ویب سائٹ آئی ایم ڈی بی کے مطابق ’ستارے زمین پر‘ 2018 میں ریلیز ہوئی ہسپانوی فلم ’کیمپیونس‘ (چیمپیئنز) کا آفیشل ہندی ریمیک ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں عامر خان، جینیلیا دیش مکھ اور درشیل سفاری شامل ہیں جبکہ اس کی ہدایت کاری آر ایس پرسنا کریں گے۔
’ستارے زمین پر‘ رواں برس کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

’بھول بھلیاں تھری‘ 2007 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر ہندی فلم بھول بھلیاں کا سیکوئل ہے (فائل فوٹو: آئی ایم ڈی بی)

ریڈ 2
’ریڈ 2‘ اجے دیوگن کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں اجے دیوگن کے علاوہ وانی کپور اور رتیش دیش مکھ شامل ہیں۔
اس فلم کے پہلے پارٹ کی کہانی ایک ایسے انکم ٹیکس افسر (اجے دیوگن) کے گرد گھومتی ہے جو منی لانڈرنگ اور کالے دھن میں ملوث طاقتور شخصیت کے خلاف کارروائی کرتا ہے۔
’ریڈ 2‘ رواں برس 15 نومبر کو سنیما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔
ویلکم ٹو دی جنگل
’ویلکم ٹو دی جنگل‘ رواں برس ریلیز ہونے والی جنگل تِھیم کامیڈی ایڈونچر فلم ہے۔
اس فلم کی مرکزی کاسٹ میں اکشے کمار، سنجے دت، ارشد وارثی، جیکولین فرنینڈس، دیشا پٹنی اور سنیل شیٹھی شامل ہیں۔
’ویلکم ٹو دی جنگل‘ کی ہدایت کاری احمد خان کر رہے ہیں جبکہ یہ فلم بھی رواں سال کرسمس کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔
 

’ریڈ 2‘ اجے دیوگن کی 2018 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ریڈ‘ کا سیکوئل ہے (فوٹو: گوگل/انٹرنیٹ) 

بھول بھلیاں تھری
’بھول بھلیاں تھری’ سنہ 2007 میں ریلیز ہونے والی بلاک بسٹر ہندی فلم بھول بھلیاں کے دوسرا سیکوئل ہے۔
اس سے قبل 2022 میں بھول بھلیاں کی دوسری سیکوئل فلم ’بھول بھلیاں ٹو‘ ریلیز کی گئی تھی جو کہ باکس آفس پر سپرہٹ رہی۔
’بھول بھلیاں تھری‘ کی مرکزی کاسٹ میں کارتک آریان، ودیا بالن اور ترپتی ڈمری شامل ہیں۔
اس فلم کی ہدایت کاری انیس بزمی کر رہے ہیں۔
توقع ہے کہ بھول بھلیاں تھری‘ رواں برس دیوالی کے تہوار کے موقع پر ریلیز کی جائے گی۔

شیئر: