پانچ چینی شہریوں نے کیسے ایپل کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا؟
پانچ چینی شہریوں نے کیسے ایپل کو ایک کروڑ ڈالر سے زائد کا نقصان پہنچایا؟
منگل 4 جون 2024 16:03
اس دھوکے بازی کی وجہ سے ایپل میں کام کرنے والے ملازمین کو آئی فونز کی شناخت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا (فوٹو: روئٹرز)
امریکہ میں ہونے والے ایک بڑے کریک ڈاؤن میں پانچ چینی شہریوں کو معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے ساتھ ایک کروڑ ڈالر سے زائد کے گھپلے کرنے کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
ویب سائٹ ٹی آر ڈاٹ آئی ایم کے مطابق ینگ سونگ، جونوی جیانگ، زینگشیان ہُو، یوشان لِی اور شُوآئی چنگ نامی چینی شہریوں کو ایک دہائی تک کیلیفورنیا میں ایپل کے ساتھ فراڈ کرنے الزام میں گرفتار کیا گیا۔
ان چینی شہریوں نے ایک دہائی کے عرصے میں جنوبی کیلیفورنیا میں 16 ہزار سے زائد جعلی آئی فونز اور آئی پیڈز ایپل سٹور میں واپس کیے۔
ملزمان نے دسمبر 2015 سے مارچ 2024 کے دوران جعلی ایپل فون ایپل سٹورز میں یہ کہہ کر واپس کیے کہ ان میں خرابی ہے۔ ان جعلی آئی فونز کو اصلی آئی فونز جیسا بنانے کے لیے اصلی آئی فونز کے آئیڈینٹیفیکشن نمبر چرائے جاتے تھے۔
اس دھوکے بازی کی وجہ سے ایپل میں کام کرنے والے ملازمین کو آئی فونز کی شناخت میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔
یہ جعلی ڈیوائسز چین سے کیلیفورنیا کے مختلف مقامات پر بھجوائی جاتی تھیں جس کے بعد ملزمان کئی ایپل سٹوروں پر جاتے اور ان جعلی ڈیوائسز کو واپس کر کے اصلی ڈیوائسز لے لیتے اور اُس کے بعد ان جینوئن ڈیوائسز کو واپس چین بھجوا کر مہنگے داموں فروخت کیا جاتا۔
گرفتاری سے بچنے کے لیے یہ افراد جعلی پتے، نام اور پی او باکس نمبر لکھواتے۔
ملزمان نے دسمبر 2015 سے مارچ 2024 کے دوران جعلی ایپل فون ایپل سٹورز میں یہ کہہ کر واپس کیے کہ ان میں فالٹ ہے (فوٹو: روئٹرز)
ملزمان پر جعل سازی، جعلی اشیاء کی ترسیل اور وائر اور میل (ای میلز) کی جعل سازی کرنے کے مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
ان مقدمات کے باعث ملزمان کو 32 برس قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
امریکی اٹارنی مارٹن اسٹراڈا کہتے ہیں کہ ’ملزمان پر ایپل کسٹمر سروس کی پالیسیوں سے 12 ملین (ایک کروڑ 20 لاکھ) ڈالر چرانے کا الزام ہے۔‘
خیال رہے کہ 2019 میں تین افراد کو 10 ہزار جعلی آئی فون اور آئی پیڈز کو واپس کر کے ایپل کو 60 لاکھ ڈالر کا نقصان پہچانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔