آپ کے نئے آئی فون کی سکرین پر پڑنے والی خراش ’خود بخود‘ ٹھیک ہو سکتی ہے
ایل جی نے 2013 میں سیلف ہِیلنگ کا یہ فیچر اپنی جی فلیکس سمارٹ فونز میں متعارف کروایا تھا (فوٹو: انٹرنیٹ)
معروف ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کے بارے میں افواہیں گردش کر رہی ہیں کہ ایپل کی جانب سے مستقبل میں نئے فولڈ ایبل ’آئی فون‘ متعارف کروائے جا سکتے ہیں تاہم اس کے علاوہ بھی صارفین کو آئی فون میں غیر معمولی جدت دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
ویب سائٹ ’میش ایبل ڈاٹ کام‘ کے مطابق ایپل کے حوالے سے ایک نئی خبر گردش کر رہی ہے جو کے فولڈ ایبل آئی فونز کو مزید چار چاند لگا دے گی۔
اینڈرائڈ اتھارٹی کے مطابق یو ایس پیٹنٹ اینڈ ٹریڈ آفس (یو ایس پی ٹی او) میں ایک سیلف ہیلنگ فولڈنگ سکرین والی ڈیوائس کے حقوق حاصل کرنے کے لیے درخواست ڈالی گئی ہے۔
یہ ٹیکنالوجی سمارٹ فونز سمیت ٹیبلیٹس، مانیٹرز، لیپ ٹاپ اور سمارٹ واچز میں بھی دستیاب ہوگی۔
درخواست کے مطابق سیلف ہِیلنگ ٹیکنالوجی فولڈ ایبل آئی فونز کے پورے ڈسپلے یا پھر صرف فولڈ ہونے والے حصے پر لگائی جائے گی۔
سیلف ہِیلنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے ڈیوائس اپنے ڈسپلے پر پڑنے والے ڈینٹ اور خراشوں کو بغیر کسی بیرونی مدد کے خودبخود ہی ٹھیک کر لے گی۔
اس کے علاوہ سیلف ہِیلنگ کو ہِیٹ، لائٹ یا الیکٹرک کرنٹ کی مدد سے بھی تیزی سے بڑھایا جا سکتا ہے۔
اس سے قبل ٹیکنالوجی کمپنی ایل جی نے 2013 میں سیلف ہِیلنگ کا یہ فیچر اپنی جی فلیکس سمارٹ فونز میں متعارف کروایا تھا جس کی مدد سے فون خود ہی اپنی بیک پر پڑنے والی ہلکی خراشوں کو ٹھیک کر لیتا تھا تاہم ایل جی سیلف ہِیلنگ ٹیکنالوجی محدود پیمانے تک ہی یہ کام کرتی تھی۔