Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ضوابط کی خلاف ورزی پر نو افراد گرفتار، 10 ہزار ریال فی کس جرمانہ اور قید

49 افراد کو غیرقانونی طریقے سے لے جانے کی کوشش کررہے تھے(فوٹو: اخبار24)
سعودی وزارت داخلہ کا کہنا ہے حج سکیورٹی فورسز نے حج ضوابط  اور پرمٹ کی خلاف ورزی کرنے والے 9 افراد کو مکہ کے داخلی راستوں پر گرفتار کیا ہے۔
سرکاری خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کےمطابق زیر حراست افراد میں دوغیرملکی جبکہ سات سعودی شہری شامل ہیں جو 49 افراد کو غیرقانونی طریقے سے مکہ مکرمہ لے جانے کی کوشش کررہے تھے۔
محکمہ پاسپورٹ اینڈ امیگریشن ’جوازات‘ کے سیزنل تحقیقاتی کمیٹی نے ان کے خلاف انتظامی فیصلے جاری کیے۔ ہر ایک غیرقانونی شخص کو15 دن کی قید اور فی کس 10 ہزار ریال جرمانہ کی سزا دی گئی۔ علاوہ مقامی ذرائع ابلاغ میں ان کی تشہیر بھی کی جائے گی۔
 
گرفتارغیرملکیوں کو سزا مکمل ہونے کے بعد مملکت سے بے دخل کیا جائے گا۔
غیرقانونی افراد کی ٹرانسپورٹیشن کے لیے استعمال ہونے والی دو گاڑیاں بھی ضبط کی گئی ہیں۔
واضح رہے سعودی وزارت داخلہ نے حج ضوابط پرعمل نہ کرنے والوں کے خلاف سخت سزاوں کا اعلان کیا ہے۔
پرمٹ کے بغیر حج سیزن میں مکہ مکرمہ جانے یا غیرقانونی افراد کو لے جانے پرقید اور جرمانے کی سزا مقرر کی ہے۔

شیئر: