عمرہ کے پرمٹ صرف حج پرمٹ کے حامل عازمین کو دیے جائیں گے: وزارت حج و عمرہ
وزارت حج نے کہا ہے کہ حج کے اجازت نامے کے بغیر عمرہ کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا (فائل فوٹو: وزارت حج)
سعودی عرب کی وزراتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ 24 مئی سے 26 جون تک صرف ان عازمین کو عمرہ کے اجازت نامے دیے جائیں گے جن کے پاس حج کا پرمٹ ہو گا۔
عرب نیوز کے مطابق وزارت حج کی جانب سے یہ ہدایات دنیا بھر سے فریضۂ حج کی ادائیگی کے لیے آنے والے زائرین کی سہولت کے جاری کی گئی ہیں۔
وزارت حج نے کہا ہے کہ حج کے اجازت نامے کے بغیر عمرہ کا اجازت نامہ جاری نہیں کیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد حج کے دوران مکہ مکرمہ میں آئے ہوئے زائرین کی بہت زیادہ تعداد کے لیے بہتر انتظامات ممکن بنانا ہے۔
وزارت حج و عمرہ نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ ’حج کے ضوابط کی خلاف ورزی پر بھاری جرمانے عائد کیے جائیں گے۔ جو افراد مکہ اور مقامات مقدسہ پر حج پرمٹ کے بغیر پائے گئے، ان پر 10 ہزار ریال جرمانہ عائد کیا جائے گا۔‘
’یہ ضابطہ سعودی شہریوں، رہائشیوں اور باہر سے آنے والوں تمام پر لاگو ہو گا۔ ضوابط کی خلاف ورزی دوبارہ کرنے پر جرمانہ دگنا کر دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ خلاف ورزی کے مرتکب رہائشیوں کو ڈی پورٹ بھی کیا جا سکتا ہے اور ان کا آئندہ مملکت میں داخلہ بھی بند کر دیا جائے گا۔‘
اس سے قبل وزارت داخلہ نے بھی حج کے ضوابط و ہدایات کی خلاف ورزی کرنے والوں پر جرمانے عائد کرنے سے متعلق اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ ان کا نفاذ دو جون سے 20 جون تک ہو گا۔
وزارت داخلہ کے ضوابط کے مطابق ایسے زائرین کو نقل و حمل کی سہولیات فراہم کرنا جن کے پاس حج پرمٹ نہیں، سنگین جرم ہے۔ اس کی سزا چھ ماہ قید اور 50 ہزار ریال تک جرمانہ ہے۔ اس جرمانے میں اضافہ ان افراد کی تعداد پر منحصر ہے جنہیں گاڑی پر سوار کیا گیا۔
بغیر پرمٹ کے زائرین کو لے جانے والی گاڑیاں بھی ضبط کی جائیں اور ایسے ٹرانسپورٹرز کے بے دخلی کے ساتھ ساتھ مخصوص عرصے کے لیے ان کے دوبارہ مملکت میں داخلے پر پابندی بھی لگائی جا سکتی ہے۔
رواں برس 14 سے 19 جون کو حج کا فریضہ ادا کیا جائے گا۔