Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حج ضوابط: وزٹ ویزے پر مکہ میں مقیم 20 ہزار افراد کے خلاف کارروائی

وزٹ ویزے پرآنے والے 15 ذوالحجہ کے بعد مکہ جا سکتے ہیں (فائل فوٹو: ایکس اکاونٹ)
ادارہ امن عامہ کا کہنا ہے کہ ’تمام اقسام کے وزٹ ویزے پر آنے والوں کے لیے مکہ میں رہنا غیرقانونی ہے۔ اب تک 20 ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی کی جاچکی ہے۔‘
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے ‘کے مطابق وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ 15 ذوالقعدہ بمطابق 23 مئی 2024 سے 15 ذوالحجہ بمطابق 21 جون تک وزٹ ویزے پر آنے والوں کو مکہ میں رہنے کی اجازت نہیں۔
’خلاف ورزی کرنے والوں پر حج ضوابط کا اطلاق کیا جائے گا۔ وزٹ ویزے پرآنے والوں کو چاہے کہ وہ کسی دوسرے شہر منتقل ہوجائیں بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی ہے۔‘
واضح رہے کہ وزارت حج کی جانب سے جاری ضوابط کے تحت پرمٹ کے بغیر کسی کو مکہ میں جانے کی اجازت نہیں ہے۔
ادارہ امن عامہ کی جانب سے بھی وضاحت کی گئی ہے کہ جو بھی حج سیزن میں پرمٹ کے بغیر مکہ شہر یا مشاعر مقدسہ میں ہو گا وہ قانون شکنی کا مرتکب ہوگا ایسے افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
ایسے غیرملکی جن کے اقامے مکہ سے جاری ہوئے ہیں اور ان کی رہائشی یا کام مکہ میں ہے وہ مکہ جاسکتے ہیں جبکہ دیگر افراد جن کے اقامے دیگر شہروں کے ہیں انہیں مکہ میں جانے کے لیے لازمی پرمٹ حاصل کرنا ہو گا بصورت دیگر ان پر خلاف ورزی کا اطلاق کیا جائے گا۔

شیئر: