Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے چار یرغمالی رہا کرا لیے، حملے میں 210 فلسطینی مارے گئے: حماس

فلسطینی حکام کے مطابق النصیرات کے علاقے میں اسرائیلی حملے میں 50 شہری مارے گئے۔ فوٹو: اے ایف پی
اسرائیل کی فوج نے کہا ہے کہ غزہ میں ایک کارروائی کے دوران چار یرغمالیوں کو رہا کرا لیا ہے جبکہ حماس کے مطابق اسی علاقے میں اسرائیلی حملے میں 200 سے زائد فلسطینی شہری اسرائیلی حملے میں مارے گئے ہیں۔
خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق فوری طور پر واضح نہیں کہ اسرائیل کا حملہ اور یرغمالیوں کی رہائی ایک ہی آپریشن کا حصہ تھا تاہم یہ دونوں غزہ کے علاقے النصیرات میں پیش آئے۔
النصیرات کے اس علاقے میں گزشتہ آٹھ ماہ کے دوران اسرائیلی فوج اور غزہ پر حکمرانی کرنے والی تنظیم حماس میں کئی بار لڑائی ہو چکی ہے۔ 
اسرائیلی فوج کے ایک ترجمان نے بتایا ہے کہ یرغمالیوں کی بازیابی کی کارروائی ایک رہائشی محلے کے مرکز میں فائرنگ کے دوران کی گئی، جہاں ان کا کہنا تھا کہ حماس کے مسلح عسکریت پسندوں کی نگرانی میں غزہ کے شہریوں کے درمیان قیدیوں کو چھپا کر رکھا گیا تھا۔
ترجمان ریئر ایڈمرل ڈینیئل ہاگری نے مزید کہا کہ اسرائیلی فورسز نے جوابی کارروائی کی جس میں فضائی حملے بھی شامل تھے۔ پولیس کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس کارروائی کے دوران اسرائیلی سپیشل فورسز کا ایک کمانڈر مارا گیا۔
اسرائیلی فوج نے بازیاب کرائے گئے یرغمالیوں کو 25 سالہ نوا ارگمانی، 21 سالہ الموگ میر جان، 27 سالہ آندرے کوزلوف اور 40 سالہ شلومی زیو کے طور پر شناخت کیا ہے۔
فوج نے بتایا ہے کہ رہا کرائے گئے افراد طبی معائنے کے لیے ہسپتال لے جایا گیا اور وہ خیریت سے ہیں۔
ان سب کو نووا میوزک فیسٹیول سے گزشتہ برس 7 اکتوبر کو غزہ کے قریب اسرائیلی قصبوں اور دیہاتوں پر فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کے مہلک حملے کے دوران اغوا کیا گیا تھا۔
اس حملے کے بعد اسرائیل نے حماس کے زیرِانتظام محصور علاقے غزہ میں تباہ کن جنگ شروع کی۔
سنیچر کو انکلیو کی وزارت صحت کے تازہ ترین اعداد وشمار کے مطابق غزہ پر اسرائیل کی بمباری اور حملوں میں کم از کم 36,801 فلسطینی مارے جا چکے ہیں۔
اسرائیلی حکام کے مطابق حماس کے سات اکتوبر کے حملے میں تقریباً 1,200 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
فلسطینی عسکریت پسندوں نے 7 اکتوبر کو 250 کے قریب اسرائیلیوں کو یرغمال بنا کر غزہ میں رکھا۔ اسرائیلی اعداد و شمار کے مطابق غزہ میں اب 116 باقی رہ گئے ہیں، جن میں کم از کم 40 وہ ہیں جنہیں اسرائیلی حکام نے مردہ قرار دیا ہے۔

شیئر: