’پاکستانی عازمین کو قربانی سے متعلق اطلاع پاک حج ایپ سے ملے گی‘
چوہدری سالک نے سرکاری عازمین حج سے ملاقات کی (فائل فوٹو: وزارت مذہبی امور)
وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک حسین نے مکہ مکرمہ میں سرکاری عازمین حج سے ملاقات اور ان کی خیریت دریافت کی۔
انہوں نے عازمین حج کی رہائش کے دورے کے دوران انتظامات کا جائزہ لیا۔
وزارت سے جاری بیان کے مطابق چوہدری سالک نے کہا کہ’ پاکستانی عازمین حج کو جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب منی منتقل کیا جائے گا‘۔
’منی اور عرفات میں مکتب کی سہولتوں کے لیے پاکستان حج مشن مسلسل مصروف عمل ہے۔ معاونین حج اور پیرامیڈیکل سٹاف مشاعر میں بھی عازمین حج کے ساتھ رہے گا‘۔
انہوں نے کہا کہ ’عازمین حج کو قربانی سے متعلق اطلاع پاک حج ایپ کے ذریعے ملے گی‘۔
’وزارت میں قربانی کی رقم جمع کروانے والے عازمین کی قربانی 10 ذی الحجہ کی عصر تک مکمل کی جائے گی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’عازمین حج امت مسلمہ، اپنے وطن پاکستان اور وزارت کو اپنی خصوصی دعاؤں میں یاد رکھیں‘۔
اس موقع پرعازمین حج کی سرکاری انتظامات کی تعریف اور حکومتی اقدامات کو سراہا۔