وادی منی کی رونقیں دوبالا ، عازمین آج سارا دن یہاں گزاریں گے
وادی منی کی رونقیں دوبالا ، عازمین آج سارا دن یہاں گزاریں گے
جمعہ 14 جون 2024 15:23
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، منیٰ
سیکیورٹی اہلکارعازمین کی رہنمائی میں پیش پیش ہیں (فوٹو، اردونیوز)
منی کی عارضی خیمہ بستی کی رونقیں لاکھوں عازمین حج کی آمد کے ساتھ ہی عروج پرپہنچ گئیں۔ 8 ذوالحجہ کا سارا دن عازمین منی میں قیام کریں گے۔
عازمین کی آمد کا سلسلہ 7 ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سے ہی شروع ہوگیا تھا۔ لاکھوں عازمین کو وادی منی میں منتقل کرنے کا عمل مرحلہ وار شروع کیا گیا جس کا مقصد عازمین کو غیرضروری ازدحام سے بچاتے ہوئے منی پہنچانا تھا۔
وزارت حج کی جانب سے حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کو شیڈول جاری کیا گیا جس کے مطابق انہوں نے اپنی زیر نگرانی عازمین کو گروپس کی صورت میں وادی منی میں منتقل کیا۔
وادی منی میں عازمین حج کو انکے خیموں تک لے جانے کےلیے حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کے اہلکار موجود ہوتے ہیں جو عازمین کو انکےخیموں تک رہنمائی کرتے ہیں۔
منی کی عارضی خیمہ بستی میں عازمین کی خدمت کےلیے سعودی اسکاوٹس کے گروپس بھی موجود ہیں جو راستہ گم کرنے والوں کو نقشوں کی مدد سے انکے خیموں تک پہنچا دیتے ہیں۔
گرمی کی شدت کو کم کرنے کےلیے واٹر شاورنگ سسٹم کو بھی فعال کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے ہوا میں نمی کا تناسب بڑھ جانے سے گرمی میں قدرے کمی دیکھی گئی۔
انتظامیہ کی جانب سے منی میں پیدل چلنے کےلیے ٹریکس مخصوص کیے گئے ہیں۔ آمد ورفت کے لیے راستوں کو جدا کرنے کا مقصد ازدحام پرقابو پانا ہے۔