عازمین کی مرحلہ وار منیٰ روانگی، مملکت کی جانب سے انتہائی اعلی انتظامات
عازمین کی مرحلہ وار منیٰ روانگی، مملکت کی جانب سے انتہائی اعلی انتظامات
جمعرات 13 جون 2024 20:31
ارسلان ہاشمی ۔ اردو نیوز، جدہ
مکہ میں مقیم عازمین کو منی روانگی کا پروگرام دے دیا گیا(فوٹو، ایس پی اے)
مکہ مکرمہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے عازمین حج منیٰ روانہ ہونے کے لیے تیارہیں۔ عازمین کے قافلوں کو مرحلہ وار جمعرات 7 ذوالحجہ کی نصف شب کے بعد سے منی کی عارضی خیمہ بستی میں پہنچایا جائےگا۔
عازمین کی منی روانگی کا عمل کل بروز جمعہ 8 ذوالحجہ کو بھی جاری رہے گا اس کے ساتھ ہی حج 1445 ہجری کے مناسک کی ادائیگی کے پہلہ مرحلہ باقاعدہ شروع ہو جائے گا۔
مکہ مکرمہ کے مختلف علاقوں میں مقیم دنیا بھر سے آنے والےعازمین کو حج خدمات فراہم کرنے والے اداروں کی جانب سے شیڈول جاری کردیئے گئے ہیں تاکہ اس کے مطابق عازمین احرام باندھ کر مناسک حج کی ادائیگی کے لیے تیار ہوجائیں۔
معلمین کی جانب سے عازمین کی سہولت کے لیے مختلف زبانوں کے مترجمین کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے تاکہ عازمین بروقت احرام باندھ کر مناسک حج کی ادائیگی کے لیے روانہ ہو سکیں۔
حج کے عظیم الشان اجتماع کو کامیاب بنانے کےلیے مملکت کی جانب سے انتہائی اعلی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سیکیورٹی فورسز کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے اہلکاروں سمیت حج آپریشن میں وزارت صحت ، شہری دفاع، میونسپلٹی ، ٹیلی کمیونیکشن، محکمہ موسمیات و دیگر سروسز فراہم کرنے والے اداروں کی ٹیمیں بھی منی کی عارضی خیمہ بستی میں موجود ہیں۔
مملکت کے مختلف شہروں سے آنے والے سعودی اسکاوٹس بھی منی کی عارضی خیمہ بستی میں پہنچ گئے ہیں جبکہ وزارت تجارت کی جانب سے بھی تفتیشی ٹیمیں مشاعر مقدسہ میں تعینات کی گئی ہیں۔
امسال انتظامیہ کی جانب سے مکہ مکرمہ اور منی میں انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جس کا مقصد غیرقانونی طورپر حج کرنے والوں کو روکنا ہے۔
وادی منی میں داخل ہونے والے تمام راستوں پر اہلکاروں کو تعینات کیا گیا ہے جو ہرحج پرمٹ دیکھنے کے بعد انہیں منی میں جانے کی اجازت دیتے ہیں۔
عازمین حج کی منی منتقلی کے لیے ’مشاعر ٹرین ‘ کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے جبکہ بس سروس ان عازمین کے گروپس کے لیے مخصوص ہے جنہیں ٹرین کی سہولت فراہم نہیں۔