جدہ الفیصلیہ میں عمارت گرنے سے 7 افراد ہلاک ہوئے، مالک سمیت متعدد گرفتار
بلڈنگ پرمٹ جاری کرانے میں بدعنوانی پر تحقیقات کی گئی۔ ( فائل فوٹو عرب نیوز)
سعودی نگران اور انسداد بدعنوانی اتھارٹی ’نزاھہ‘ نے کہا ہے کہ ’30 مئی 2024 کو جدہ کے الفیصلیہ ڈسٹرکٹ میں ایک رہائشی عمارت گرنے کے معاملے میں مالک سمیت متعدد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے‘۔
اتھارٹی کا کہنا ہے’ اس واقعہ میں 7 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوئے تھے‘۔
بیان میں کہا گیا کہ بلڈنگ پرمٹ جاری کرانے میں بدعنوانی کے اشارے پر واقعہ کی تحقیقات کی گئی۔
’نزاھہ‘ نے تحقیقات میں گورنر مکہ کی جانب سے تشکیل دی گئی کمیٹی کے ساتھ تعاون کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ ’ عمارت میں تیکنیکی نقائص کا پتہ چلنے پربلدیہ نے عمارت کے مالک کو تعمیراتی کام روکنے کی ہدایت کی تھی لیکن انہوں نے اس پرعمل نہیں کیا‘۔
عمارت کے مالک کے قانونی نمائندے نے جو انہی کے دفتر میں کا م کرتے ہیں ایک یمنی ثالث کنٹریکٹر کے ذریعے سعودی شہری کی ملکیت انجینیئرنگ کنسلٹنسی آفس سے رابطہ کیا۔
قانونی نمائندے نے انجینیئرنگ کنسلٹنسی آفس کے ذریعے دو اضافی فلور اور ایک اینکسی تعمیر کرنے کے لیے بلڈنگ پرمٹ حاصل کرنے کی کوشش کی۔
عمارت کے مالک نے غیرقانونی طور پر بلڈنگ پرمٹ جاری کرانے کے لیے مبینہ طور پر رشوت دینے کا اعتراف کیا۔ بعدازاں پراجیکٹ کنٹریکٹر نے اضافی فلور کی تعمیر کو آگے بڑھایا جس کے نتیجے میں عمارت اضافی بوجھ کے باعث گرگئی۔
بیان میں کہا گیا کہ’ اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو حراست میں لیا گیا ہے اور قانونی کارروائی جاری ہے‘۔