ٹی20 ورلڈ کپ: پاکستان نے آئرلینڈ کو تین وکٹوں سے شکست دے دی
دونوں ٹیمیں پہلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 36ویں میچ میں پاکستان نے آئرلینڈ تین وکٹوں سے شکست دے دی۔
پاکستان نے 19ویں اوور کی پانچویں گیند پر 107 رنز کا ہدف مکمل کر لیا تاہم اس جیت کا پاکستان یا آئرلینڈ کو ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے کوئی فائدہ نہیں ہے۔
اتوار کو فلوریڈا کے لارڈ ہل میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے فلیڈنگ کا فیصلہ کیا تھا جس کے بعد آئرلینڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی اننگز
آئرلینڈ کے 107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم کا آغاز محتاط رہا تاہم 23 رنز پر پہلی وکٹ صائم ایوب کی گری جو 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد محمد رضوان بھی 17 رنز بنا کر کیچ ہو گئے۔
فخر زمان پانچ اور عثمان خان 2 رنز بنا کر پویلین لوٹے۔ پاکستان کی پانچویں وکٹ 57 رنز پر گری جب شاداب خان صفر پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد عماد وسیم بھی صرف چار رنز پر کیچ دے بیٹھے۔ عباس آفریدی 17 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان نے 19ویں اوورکی پانچویں گیند پر سات وکٹوں کے نقصان پر ہدف حاصل کرلیا۔
پاکستان کی جانب سے کپتان بابر اعظم 32 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ آئرلینڈ کے مک کارتھی نے تین اور کارٹس کمفر نے دو وکٹیں حاصل کیں۔
شاہین آفریدی کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔
آئرلینڈ کی اننگز
آئرلینڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز زیادہ جاندار نہیں تھا۔ شاہین آفریدی نے پہلے ہی اوور میں صفر پر دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کر دیا۔
اس کے بعد آئرلینڈ کی وکٹیں مسلسل گرتی رہیں تاہم ساتویں وکٹ پرگیرتھ ڈیلانے اور ایڈائر نے 44 رنز کی شراکت بنائی۔
آئرلینڈ کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں نو وکٹوں کے نقصان 106 رنز بنا سکی۔ آئرلینڈ کی جانب سے گیرتھ ڈیلانے 31، جوش لٹل 22 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی اور عماوسیم نے تین، تین جبکہ محمد عامر نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس میچ کے لیے پاکستانی سکواڈ میں صرف ایک تبدیلی کرتے ہوئے نسیم شاہ کی جگہ عباس آفریدی کو شامل کیا گیا ہے۔
پاکستان اور آئرلینڈ دونوں ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنا آخری میچ کھیلیں گی اور یہ میچ رسمی کارروائی ثابت ہو گا کیونکہ دونوں ٹیمیں پہلے سے ہی ایونٹ سے باہر ہو چکی ہیں۔
پاکستان گروپ اے میں دو میچز ہارنے اور ایک میچ جیتنے کے بعد دو پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر براجمان ہے۔
اس میچ کے نتیجے سے دونوں ٹیموں پر کوئی فرق نہیں پڑے گا کیونکہ گروپ اے سے انڈیا اور امریکہ سپر ایٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر چکے ہیں۔
پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان اب تک ٹی20 کرکٹ میں صرف چار میچز کھیلے جا چکے ہیں جس میں تین مرتبہ پاکستان جبکہ ایک مرتبہ آئرلینڈ نے کامیابی حاصل کی۔
خیال رہے کہ گروپ مرحلے میں اپنے پہلے میچ میں پاکستان کو میزبان امریکہ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کا سامنا کرنا پڑا جبکہ دوسرے میچ میں روایتی حریف انڈیا نے پاکستان کو ہرا دیا۔
پاکستان نے اپنے تیسرے میچ میں کینیڈا کو شکست دی تاہم آئرلینڈ اور امریکہ کے درمیان فلوریڈا میں شیڈول میچ بارش کے باعث منسوخ ہونے سے پاکستان کا ٹی20 ورلڈ کپ میں سفر اختتام پذیر ہو گیا۔