Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

محمد رضوان کی نصف سینچری، پاکستان کی ٹی20 ورلڈ کپ میں پہلی فتح

پاکستان ٹیم گروپ اے کے ٹیبل پر صفر پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ اور ویسٹ انڈیز میں جاری آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے 22 ویں میچ میں  پاکستان نے کینیڈا کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔
منگل کو نیو یارک کے ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں ہونے والے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر کینیڈا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ 
کینیڈا کی ٹیم نے 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 106 رنز بنائے۔ 
کینیڈا کی جانب سے اوپننگ بیٹر آرون جانسن نے 52 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی جبکہ کلیم سنا نے 13 اور کینیڈین کپتان سعد بن ظفر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ 
ان تین کھلاڑیوں کے علاوہ کینیڈا کا کوئی بھی کھلاڑی ڈبل فگر میں داخل نہ ہوسکا۔
پاکستان ٹیم کی جانب سے محمد عامر، حارث رؤف نے 2، 2 جبکہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 1، 1 وکٹ حاصل کی، ایک بیٹر رن آؤٹ ہوا۔
107 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کے بیٹر محمد رضوان 53 اور بابر اعظم 33 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ صائم ایوب نے 6، فخر زمان نے 4 اور عثمان خان نے 2 رنز سکور کیے۔
کینیڈا کی جانب سے دلون ہیلیگر 2 اور جیریمی گورڈن 1 وکٹ لینے میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان نے اس میچ کے لیے افتخار احمد کو ڈراپ کر کے ان کی جگہ صائم ایوب کو ٹیم میں شامل کیا تھا۔
قومی ٹیم نے 107 رنز کے تعاقب کے لیے محمد رضوان اور صائم ایوب کو اوپننگ کے لیے میدان میں اتارا۔ 
دونوں بیٹرز تسلی بخش اوپننگ پارٹنرشپ بنانے میں ناکام رہے، صائم ایوب دلون ہیلیگر کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
صائم ایوب کے بعد کپتان بابر اعظم بیٹنگ کے لیے آئے جو 33 گیندوں پر 33 رنز کی اننگز کھیل کر ہیلیگر کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد آنے والے فخر زمان بھی زیادہ دیر تک کریز نہ سنبھال سکے اور میچ کے اختتامی مراحل میں جیریمی گورڈن کی بول پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے اوپننگ بیٹر محمد رضوان ذمہ دارانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری سکور کرنے میں کامیاب ہوئے اور 53 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔   
کینیڈا کی اننگز
کینیڈین ٹیم کی جانب سے آرون جانسن اور  نونیت دھالیوال اوپننگ کے لیے آئے اور اننگز کا پر اعتماد آغاز کیا۔  
تیسرے اوور میں نونیت دھالیوال 4 سکور بنا کر محمد عامر کی بال پر بولڈ ہو گئے۔ 
دھالیوال کے بعد آنے والے بیٹر پرگٹ سنگھ بھی کریز پر زیادہ دیر جم کر نہ کھیل سکے اور 2 رنز بنا کر شاہین آفریدی کی بال پر کیچ آؤٹ ہوئے۔ 
کینیڈا کو تیسرا نقصان نکولس کرٹن کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ ایک سکور بنا کر عماد وسیم کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوئے۔ 
اننگز کا نواں اوور پاکستان کے لیے سود مند رہا جس میں حارث رؤف نے شریاس مووا اور رویندرپال سنگھ کو پولین کی راہ دکھائی۔ 
کینیڈا کی چھٹی وکٹ اس وقت گری جب نمایاں رہنے والے اوپننگ بیٹر آرون جانسن 52 رنز بنا کر نسیم شاہ کی بول پر بولڈ ہوئے۔ 
کینیڈین ٹیم کے کپتان سعد بن ظفر محمد عامر کی بال کا شکار بنے اور 10 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ 
پاکستان کا سکواڈ: محمد رضوان (وکٹ کپپر)،  صائم ایوب،  بابر اعظم (کپتان)،  فخر زمان،  عثمان خان،  شاداب خان،  عماد وسیم،  شاہین شاہ آفریدی،  نسیم شاہ، حارث رؤف،  محمد عامر۔
کینیڈا کا سکواڈ: آرون جانسن،  نونیت دھالیوال،  پرگٹ سنگھ،  رویندرپال سنگھ،  نکولس کرٹن،  شریاس مووا (وکٹ کیپر)،  دلون ہیلیگر،  سعد بن ظفر (کپتان)،  کلیم ثنا،  جنید صدیقی، جیریمی گورڈن۔
ٹی20 ورلڈ کپ کے کے آغاز میں امریکہ اور روایتی حریف انڈیا سے مایوس کن شکست کے بعد پاکستانی ٹیم کو ٹورنامنٹ میں زندہ رہنے کے لیے کینیڈا کے خلاف ہر صورت جیت درکار تھی۔
کینیڈا کو شکست دینے کے بعد اب سپر ایٹ مرحلے میں رسائی حاصل کرنے کے لیے پاکستان کو  اپنے آخری میچ میں آئرلینڈ کے خلاف بھی اچھے مارجن سے جیت حاصل کرنا ہوگی۔
صرف یہ ہی نہیں، گرین شرٹس کے مداحوں کو یہ بھی دعا کرنا ہوگی کہ امریکہ کو انڈیا اور آئرلینڈ کے ہاتھوں شکست ہو۔
دوسری جانب اگر پوائنٹس ٹیبل پر نگاہ ڈالی جائے تو گروپ اے میں انڈیا چار پوائنٹس لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ پہلے، امریکہ چار پوائنٹس کے ساتھ دوسرے، پاکستان 2 پوائنٹس اور بہتر نیٹ رن ریٹ کے ساتھ  تیسرے جبکہ کینیڈا دو پوائنٹس کے ساتھ چوتھے اور آئرلینڈ صفر پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر موجود ہیں۔
پاکستان اپنی گروپ سٹیج کا آخری میچ 16 جون کو آئرلینڈ کے خلاف فلوریڈا کے سینٹرل برووارڈ پارک میں کھیلے گا۔ 
 

شیئر: