Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ٹی20 ورلڈ کپ: بیٹرز کے لیے ڈراؤنا خواب ثابت ہونے والا سٹیڈیم اُکھاڑنے کا فیصلہ

ناساؤ کاونٹی کرکٹ سٹیڈم پانچ ماہ میں عارضی طور پر تعمیر کیا گیا تھا (فوٹو:ای ایس پی این کرک انفو)
انڈیا اور پاکستان کے اہم ترین میچ سمیت ٹی20 ورلڈ کپ کے آٹھ دیگر مقابلوں کی میزبانی کرنے والے امریکی شہر نیو یارک میں واقع ناساؤ کاؤنٹی سٹیڈیم کو اکھاڑ دیا جائے گا۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق انڈیا اور امریکہ کے میچ کے اختتام کے ساتھ ہی عارضی طور پر بنائے گئے اس سٹیڈیم کو منہدم کر کے سامان کو دوسرے شہروں میں منتقل کردیا جائے گا۔
ناساؤ کرکٹ سٹیڈیم کی ڈراپ ان پچ ورلڈ کپ کے دوران نہ کہ صرف عالمی سرخیوں کا حصہ رہی بلکہ رنز کی شرح کم ہونے کی وجہ سے کرکٹ فینز کی جانب سے سخت تنقید کی زد میں بھی رہی۔
ناساؤ سٹیڈیم کی پچز پر بیٹرز مشکلات کی زد میں رہے اور اکثر نے خراب کارگردگی دکھائی۔
پہلے دو میچز میں تو سب سے کم رنز بنائے گئے۔
آئرلینڈ کی جانب سے 96 اور سری لنکا کی جانب سے 77 رنز بنائے گئے تھے۔
ناساؤ کاؤنٹی کرکٹ سٹیڈم کو عارضی طور پر ایک پارک میں 106 دنوں میں تعمیر کی گیا تھا تاہم اس میں 34 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش موجود تھی۔
انڈیا اور پاکستان کے تاریخی میچ میں یہ سٹیڈیم پوری طرح سے بھرا ہوا تھا اور بعض میڈیا رپورٹس کے مطابق اس میچ کے ٹکٹ پچیس سو ڈالرز سے لے کر دس ہزار ڈالرز تک فروخت کیے گئے تھے۔
سٹیڈیم کو منہدم کرنے کے لیے بلڈوزر اور دیگر مشینری وینیو پر پہنچا دی گئی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق ’ایسٹ میڈو میں کھیلے گئے 12 جون کو آخری میچ کے بعد سٹیڈیم کو منہدم کر دیا جائے گا جبکہ اس کے پرزے لاس ویگس اور ایک دوسرے گولف ایونٹ کے لیے بھیجے جائیں گے جبکہ عالمی معیار کی کرکٹ پچ یہیں رہ جائے گی‘۔
مقامی کرکٹ کلبز اور فینز کو اس جگہ داخلے کی اجازت ہو گی جبکہ کھیلوں کی صحت مندانہ سرگرمیوں کو پروان چڑھانے کے لیے اس جگہ کو استعمال میں لایا جاتا رہے گا۔
سٹیڈیم میں موجود پچ کی فلوریڈا میں اگائی جانے والی خصوصی گھاس سے آرائش کی گئی تھی جو حالیہ دنوں میں ہونے والی لاس ویگس کی فارمولا ون ریس اور دوسرے گولف ایونٹس میں استعمال ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ اس سٹیڈیم میں آخری میچ انڈیا اور امریکہ کے درمیان کھیلا گیا تھا جس میں انڈیا نے سات وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سُپر ایٹ کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔

شیئر: