مکہ مکرمہ ریجن کے نائب گورنر اور مرکزی حج کمیٹی کے نائب چیئرمین شہزادہ سعود بن مشعل نے اس سال حج سیزن 2024 کی کامیابی کا اعلان کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ’ آئندہ سال کے حج سیزن کے انتظامات اور منصوبہ بندی فوری طور پر شروع کی جائے گی‘۔
انہوں نے کہا کہ ’تمام سطحوں پر ملنے والی کامیابیاں صرف ایک نئے مرحلے کا آغاز ہیں، ہم پورے حج نظام کو ترقی دیتے رہیں گے کیونکہ ہمارے عزائم کی کوئی حد نہیں اور ہماری امیدیں لا محدود ہیں‘۔
انہوں نے کہا’ اعلی سعودی قیادت مسلسل نگرانی اور مہمانوں کو فراہم کی جانے والی خدمات کے لیے سب سے زیادہ مبارکباد کی مستحق ہے‘۔
یاد رہے کہ اس سال حج 2024 میں 18 لاکھ 33 ہزار 164 افراد نے فریضہ حج ادا کیا۔ ان کا تعلق دنیا کے 200 سے زیادہ ملکوں سے ہے۔
ایشیائی ملکوں سے آنے والے حجاج کی تعداد 63.3 فیصد، عرب ممالک سے 23.3 فیصد، افریقہ سے 11.3 فیصد جبکہ امریکہ اور آسٹریلیا سے 3.2 فیصد رہی۔
داخلی حجاج کی تعداد دو لاکھ 21 ہزار 854 جبکہ بیرون مملکت سے آنے والے عازمین کی تعداد 16 لاکھ 11 ہزار 310 ریکارڈ کی گئی۔
مکہ روٹ کے ذریعے مملکت آنے والے حجاج کی تعداد 3 لاکھ 22 ہزار 901 رہی۔