سعودی عرب کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے آرمینیا کے فیصلے کا خیرمقدم
سپین، آئرلینڈ اور ناروے بھی فلسطینی ریاست کو تسلیم کرچکے ہیں ( فوٹو: ایس پی اے)
سعودی عرب نے جمہوریہ آرمینیا کی طرف سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔
ایس پی اے کے مطابق وزارت خارجہ نے ایک بیان میں زور دیا کہ ’یہ فیصلہ ایک اہم قدم ہے جو مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر1967 کی سرحدوں پر ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی راہ کی حمایت کرتا ہے‘۔
وزارت نے بیان میں بین الاقوامی برادری خاص طور پر سلامتی کونسل کے مستقل ارکان جنہوں نے فلسطینی ریاست کو تسلیم نہیں کیا سے مملکت کے اس مطالبے کو دہرایا کہ‘ وہ دو ریاستی حل کی حمایت کرنے اور بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بنیادوں کو مضبوط کرنے کی سمت آگے بڑھیں‘۔
یاد رہے کہ اسرائیل کی مخالفت کے باوجود یورپی ملک آرمینیا نے جمعے کو سرکاری طور پر فلسطین کو بطور ریاست تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق آرمینیا کی وزارت خارجہ نے جاری بیان میں کہا کہ غزہ میں فوی جنگ بندی کے حوالے سے اقوام متحدہ کی قرارداد کی حمایت کرتے ہیں اور فلسطین اسرائیل تنازعے کے دو طرفہ حل کے حق میں ہیں۔
غزہ جنگ کے دوران گزشتہ ماہ یورپی ممالک سپین، آئرلینڈ اور ناروے نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کیا تھا۔