Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عرب خاتون نے سابق شوہر کے خلاف مقدمہ دائر کیا، پھر صلح کر لی

سابق شوپر نے میری ملکیت میں دو گاڑیوں کو برباد کیا اور چالان کرائے (فوٹو: امارات الیوم)
متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں عرب ملک سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون نے اپنے سابق شوہر کے خلاف مالی بدعنوانی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔
عرب خاتون کا کہنا ہے اس کی ملکیت میں دو گاڑیاں ہیں جنہیں سابق شوہر نے نہ صرف برباد کیا بلکہ قصدا ٹریفک خلاف ورزیاں ریکارڈ کیں جن کی وجہ سے اسے بھاری جرمانوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق دبئی کی سول کورٹ میں دائر کیے گئے مقدمے میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کے سابق شوہر کے زیر استعمال دو گاڑیاں اسے واپس کرائی جائیں جنہیں وہ غلط طریقے سے استعمال کر رہا ہے۔
دعوے میں مزید کہا گیا تھا کہ ایک گاڑی کی قسطیں بھی ادا کرنا باقی ہیں جن کی ادائیگی ان کے اکاؤنٹ سے کی جا رہی ہے۔  اسے نہ صرف گاڑیاں دلوائی جائیں بلکہ وکیل کے اخراجات بھی ادا کرائے جائیں۔
خاتون نے بتایا شوہر سے اختلاف ہونے پر  گاڑی کی قسطیں بھی ادا کرنے سے انکار کردیا جو 2900 درھم تھی۔
علاوہ ازیں شوہر نے گاڑی خراب کر دی اور ٹریفک خلاف ورزیاں بھی کیں جس کی وجہ سے تمام چالان خاتون کے نام پر رجسٹر ہو گئے۔
عدالت میں سابق شوہر کے وکیل نے دعوے کو غلط قرار دیتے ہوئے واضح کیا کہ جو ثبوت پیش کیے وہ کافی نہیں جبکہ ان کے مابین یہ طے ہوا کہ گاڑیاں دونوں استعمال کریں گے۔
عدالت نے ماہرین کو کیس سپرد کیا تاکہ اس بارے میں وہ اپنی رائے دیں تاہم اس سے قبل فریقین نے درمیانی راستہ اختیار کرتے ہوئے باہمی طورپر صلح کر لی۔ عدالت میں تحریری صلح نامہ بھی داخل کرا دیا گیا۔

شیئر: