دبئی کورٹ کا دو خلیجی بھائیوں کو 50 ہزار درہم ہرجانہ ادا کرنے کا حکم
عدالت میں بتایا کہ اس کے پڑوسی بھی اس واقعے کے گواہ ہیں (فوٹو العربیہ نیٹ)
متحدہ عرب امارات میں دبئی کی عائلی عدالت نے 2 خلیجی بھائیوں کو 50 ہزار درھم ہرجانے کے طور پر ادا کرنے کا حکم صادر کیا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق سول کورٹ میں ایک خلیجی شہری جو کہ جسمانی طورپر معذور بھی تھا نے اپنے دو ہموطن جو آپس میں بھائی تھے کے خلاف مقدمہ دائر کیا جس میں کہا گیا تھا کہ ایک اس کا سابق بہنوئی تھا۔
دعوی میں مزید کہا گیا تھا کہ دونوں بھائی اس کے گھر آئے اور زبردستی بہن کے بچوں کو اپنے ساتھ لے جانے کی کوشش کی۔
بچوں کو دینے سے انکار کرنے پر دونوں نے اسے زد وکوب کیا اور انتہائی غلط زبان استعمال کی۔
مدعی جو کہ جسمانی طور پر معذور بھی ہے نے عدالت میں بتایا کہ اس کے پڑوسی بھی اس واقعے کے گواہ ہیں۔
دعوی میں مزید کہا گیا کہ بات جب زیادہ بڑھنے لگی تو پولیس کو طلب کیا گیا جن کی موجودگی میں بھی ملزمان نے اسے زد وکوب کرنے کی کوشش کی مگر پولیس کی مداخلت پر معاملہ ٹھنڈا ہو گیا۔
عدالت نے تمام ثبوت اور گواہیوں کی روشنی میں مدعی کو پہنچنے والے نقصان کے ازالے کے لیے دونوں خلیجیوں کو حکم دیا کہ وہ 50 ہزار درھم ہرجانے کے طورپرادا کریں۔
علاوہ ازیں فیصلے کے وقت سے لے کر ہرجانے کی رقم کی ادائیگی تک 5 فیصد انٹرسٹ بھی ادا کیا جائے۔
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں