Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

یورو کپ 2024: رونالڈو کے ساتھ سیلفی کے لیے تماشائی گراؤنڈ میں

مزید پانچ شائقین نے گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جو ناکام بنا دی گئی۔ فوٹو اے پی
پرتگال کے سٹار فٹ بالر کرسٹیانو رونالڈو کے ساتھ تماشائیوں کی سیلفی لینے کی کوشش کے بعد انتظامیہ یورو فٹبال کپ 2024 کے بقیہ میچوں کے لیے سکیورٹی میں اضافہ کرے گی۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق ڈورٹمنڈ میں گروپ ایف میں ترکی کے خلاف میچ کے دوران ایک بچہ رونالڈو  کے ساتھ سیلفی کے لیے گراؤنڈ میں داخل ہوا تھا۔
عالمی شہرت یافتہ 39 سالہ پرتگالی کپتان کے ساتھ سیلفی لینے کے لیے مزید پانچ شائقین نے گراؤنڈ میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے ناکام بنا کر انہیں واپس بھیج دیا گیا۔
یورپین فٹ بال کی گورننگ باڈی نے اتوار کو اے ایف پی کو بتایا کہ سٹیڈیم میں ٹیم کی سہولیات اور خاص طور پر گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کی حفاظت یورپین فٹبال چیمپئن شپ کی اولین ترجیح ہے۔
گورننگ باڈی کی جانب سے مزید بتایا گیا ہے کہ اس مقصد کے لیے ٹورنامنٹ کی ضروریات کے پیش نظر ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سٹیڈیمز میں اضافی حفاظتی اقدامات کیے جائیں گے۔
ترکی کے خلاف میچ کے دوران گراؤنڈ میں داخل ہونے والے تماشائی کو رونالڈو تک پہنچنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک سکیورٹی گارڈ پیرس سینٹ جرمین کے سٹرائیکر گونکالو راموس سے ٹکرا گیا۔

کھلاڑیوں کی حفاظت یورپین فٹبال چیمپئن شپ کی اولین ترجیح ہے۔ فوٹو اے پی

اس موقع پر پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹینز نے کہا کہ ’یہ خوش قسمتی کی بات ہے کہ جو شائقین گراؤنڈ میں داخل ہوئے صرف تصاویر لینے کی کوشش کر رہے تھے۔‘
مارٹنیز نے مزید کہا ’آج ہم خوش قسمت تھے کہ شائقین کے ارادے اچھے تھے، تاہم یہ ایک تشویشناک بات ہے۔‘
ہمیں اپنے مداحوں کو یہ پیغام دینا چاہیے کہ یہ صحیح طریقہ نہیں اور اگر کسی کا  ارادے غلط ہو تو یہ ایک بہت مشکل لمحہ ہوتا ہے۔

خوش قسمت رہے کہ شائقین کے ارادے اچھے تھے تاہم یہ تشویشناک ہے۔ فوٹو اے پی

یورو فٹ بال کپ چیمپئن شپ (یو ای ایف اے ) انتظامیہ نے کہا ہے میچ کے دوران میدان میں داخل ہونے والے کسی بھی مداح کو سٹیڈیم سے باہر بھیج دیا جائے گا، ایسے تماشائی پر مزید میچوں کے لیے پابندی عائد کر دی جائے گی، اس کے علاوہ باقاعدہ مجرمانہ شکایت درج کروائی جائے گی۔
پرتگال نے گروپ ایف کے فاتح کے طور پر ترکی کے خلاف صفر کے مقابلے میں 3 گول سے میچ جیت کر 16 ٹیموں کے ساتھ اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

شیئر: