اسلام آباد....سپریم کورٹ نے پانا مہ عملدرآمد کیس میں جے آئی ٹی کی درخواست کی سماعت کے دوران ریمارکس دیئے ہیں کہ میڈیا اور حکومتی نمائندے منظم مہم چلا رہے ہیں۔جسٹس اعجازافضل خان کی سربراہی میں 3 رکنی خصوصی بنچ نے کیس کی سماعت کی۔ تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے عدالت کو بتایا کہ جے آئی ٹی کی مخصوص چیزیں لیک کی جا رہی ہیں۔ سپریم کورٹ کی کارروائی جاری ہے لیکن ایک اخبار میں اس سے متعلق شہ سرخیاں لگ رہی ہیں۔جسٹس عظمت سعید نے ریمارکس دیئے کہ میں نے بھی اخبار میں خبر پڑھی ہے۔لگتا ہے یہ آئی سی جے کا فیصلہ ہے۔ ایسی خبروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ صرف مخصوص نہیں اب تو ہر چیز لیک ہو رہی ہے۔ہمیں پتہ ہے اس کا مقصد کیا ہے۔جے آئی ٹی نے مسائل کا بتایا ہے۔بہت سنگین قسم کے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔ مناسب حکم جاری کریں گے۔جسٹس عظمت سعید شیخ نے استفسار کیا کہ کیا ریکارڈ میں ٹمپرنگ کا الزام جرم نہیں۔ ایف آئی آر بھی الزام پر درج کی جاتی ہے۔ اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ایس ای سی پی نے اس الزام کو مسترد کردیا ۔