Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اسرائیل نے غزہ سے حراست میں لیے گئے 55 فلسطینی رہا کر دیے

رہائی پانے والے فلسطینوں کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ناصر ہسپتال اور الاقصیٰ ہسپتال لے جایا گیا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
محکمۂ صحت کے ایک عہدیدار نے کہا ہے کہ اسرائیل نے غزہ سے حراست میں لیے گئے الشفا ہسپتال کے ڈائریکٹر سمیت 55 فلسطینیوں کو رہا کر دیا ہے۔
امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق نومبر میں الشفا ہسپتال پر چھاپے کے دوران اسرائیلی فوج نے محمد ابو السلمیہ کو حراست میں لیا تھا۔
اسرائیلی فوج نے کہا تھا کہ حماس ہسپتال کو عسکری مقاصد کے لیے استعمال کر رہی ہے اور دعویٰ کیا تھا کہ ہسپتال میں ایک سرنگ بھی ملی ہے۔
ابو سلمیہ اور ہسپتال کے دیگر عملے نے الزامات کی تردید کی تھی۔
جنوبی غزہ کے ناصر ہسپتال کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ پیر کو رہا ہونے والے 55 افراد میں ابو سلمیہ بھی ہیں۔  
انہوں نے مزید کہا کہ رہائی پانے والے فلسطینوں کو میڈیکل چیک اپ کے لیے ناصر ہسپتال اور الاقصیٰ ہسپتال لے جایا گیا۔
اسرائیل نے حماس اور دیگر عسکریت پسند تنظیموں پر ہسپتالوں میں پناہ لینے کا الزام لگایا ہے۔
فسلطین کے محکمۂ صحت کے حکام نے کہا ہے کہ اسرائیلی حملوں کی وجہ سے متعدد ہسپتال بند ہو گئے ہیں اور ڈرامائی طور پر ان کی خدمات میں کمی آئی ہے۔
ابو سلمیہ نے ایک ویڈیو پیغام میں اسرائیلی حکام پر زیرحراست فلسطینوں کے ساتھ نامناسب سلوک کا الزام عائد کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر فلسطینیوں کو جسمانی اور نفسیاتی تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
اسرائیل نے اس قسم کے الزامات کی تردید کی ہے۔

شیئر: