Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

غزہ میں پانچ میں سے ایک شخص کو خوراک کی شدید کمی کا سامنا ہے: رپورٹ

رپورٹ کے مطابق غزہ میں ہر 10 ہزار افراد میں کم از کم دو بالغ یا چار بچے ہر روز مرتے ہیں (فوٹو: اے ایف پی)
اقوام متحدہ کی رپورٹ کے مطابق غزہ کی کی آبادی میں پانچ میں سے ایک شخص خوراک کی شدید کمی کا سامنا کر رہا ہے۔
دی گارڈین کی خبر کے مطابق انٹیگریٹڈ فوڈ سیکیورٹی فیز (آئی پی سی) کی درجہ بندی سے غزہ کا تازہ ترین ’خصوصی سنیپ شاٹ‘ منگل کو شائع کیا جائے گا۔
اقوام متحدہ کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا جائے گا کہ غزہ کے آدھے سے زیادہ گھروں کو کھانا خریدنے کے لیے کپڑے بیچنے پڑے ہیں کیونکہ حالیہ تشدد کے بعد پورے علاقے میں قحط کا خطرہ ہے۔
اسرائیلی حکام کا غزہ میں داخلے پر سخت کنٹرول ہے اور نقل و حرکت کے لیے فوجی اجازت کی ضرورت ہوتی ہے۔ ملبے نے سڑکوں کو نقصان پہنچایا ہے، ایندھن کی کمی ہے اور بجلی اور مواصلاتی نیٹ ورک بمشکل کام کر رہے ہیں۔
جنگ کے آغاز میں اسرائیل نے غزہ کا مکمل محاصرہ کر لیا تھا جسے امریکی دباؤ میں بتدریج نرم کیا گیا ہے۔ جنگ نے غزہ کے لوگوں کے لیے خوراک خود تیار کرنے کی صلاحیت کو نمایاں طور پر کم کر دیا ہے۔
آئی پی سی کے مطابق مارچ اور اپریل میں شمالی غزہ میں خوراک کی ترسیل میں نمایاں اضافہ ہوا جس سے قحط کو روکا گیا اور علاقے کے جنوب میں حالات بہتر ہوئے۔ تاہم نئے سرے سے لڑائی کے نتیجے میں صورت حال ایک بار پھر بگڑ گئی ہے اور غزہ کی پٹی میں قحط کا خطرہ اس وقت تک برقرار ہے جب تک کہ تنازع جاری رہے گا۔
دی گارڈین نے رپورٹ کیا کہ آدھے سے زیادہ گھروں نے بتایا کہ گھر میں اکثر کھانا ختم ہو جاتا ہے اور وہ 20 فیصد سے زیادہ دن اور راتیں کھائے بغیر گزرتے ہیں۔ اگر یہ رحجان جاری رہا تو اپریل میں نظر آنے والی بہتری تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔
اقوام متحدہ کے ادارے اور امدادی تنظیمیں جاری لڑائی، اسرائیلی پابندیوں، فوج کے ساتھ رابطہ کاری کے مسائل اور امن و امان کی خرابی کی وجہ سے کرم شالوم بارڈر کراسنگ تک پہنچنے میں مشکلات کی اطلاع دے رہی ہیں۔
اگرچہ آئی پی سی نے باضابطہ طور پر قحط کا اعلان نہیں کیا ہے لیکن غزہ کی صورت حال تشویشناک ہے۔
20 فیصد گھرانوں میں خوراک کی شدید کمی، 30 فیصد بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہیں اور ہر 10 ہزار افراد میں کم از کم دو بالغ یا چار بچے ہر روز مرتے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق وولکر ترک نے کہا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں انسانی امداد پر پابندیاں جنگی جرم بن سکتی ہیں۔ ورلڈ فوڈ پروگرام اور فوڈ اینڈ ایگریکلچر آرگنائزیشن نے خبردار کیا ہے کہ جولائی کے وسط تک 10 لاکھ سے زیادہ لوگ بھوک سے مر سکتے ہیں۔

شیئر: