ریٹائرمنٹ کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیل پائیں گئے؟
ریٹائرمنٹ کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی چیمپئنز ٹرافی 2025 کھیل پائیں گئے؟
منگل 2 جولائی 2024 16:39
روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے انڈیا کے ٹی20 چیمپئن بنتے ساتھ ہی ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا (فوٹو: کریمس)
انڈین کرکٹ سٹارز روہت شرما اور وراٹ کوہلی نے انڈیا کے ورلڈ کپ 2024 کا فائنل جیتنے کے ساتھ ہی ٹی 20 کرکٹ فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا تھا۔
ان کے ساتھ رویندر جدیجہ نے بھی ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرتے ہوئے واضح اشارہ دیا تھا کہ اب انڈین کرکٹ ٹیم کے لیے نوجوان کرکٹرز کا اپنی پرفارمنس دکھانے کا وقت آ گیا ہے۔
ان تینوں کرکٹرز نے ٹی20 فارمیٹ سے ریٹائرمنٹ تو لے لی ہے لیکن انڈین ٹیم کے لیے او ڈی آئی اور ٹیسٹ فارمیٹ میں پرفارم کرنا جاری رکھیں گے۔
بی سی سی آئی (بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا) کے سیکریٹری جے شاہ نے انڈین کرکٹ ٹیم میں تبدیلی کا اشارہ دیتے ہوئے وراٹ کوہلی اور روہت شرما جیسے کھلاڑیوں کی چیمپئنز ٹرافی 2025 میں انڈین ٹیم کا حصہ ہونے کا بیان دیا ہے۔
جے شاہ نے روہت شرما، وراٹ کوہلی اور رویندر جدیجہ کا حوالہ دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا کہ ’تین عظیم کھلاڑیوں کے ریٹائرمنٹ کے ساتھ یہ تبدیلی پہلے ہی ہو چکی ہے‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’جس طرح سے یہ ٹیم ترقی کر رہی ہے، ہمارا ہدف ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا فائنل اور چیمپئنز ٹرافی جیتنا ہے۔ وہاں بھی یہی سکواڈ پرفارم کرے گا اور سینیئر کھلاڑی بھی ٹیم کا حصہ ہوں گے‘۔
این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق روہت شرما کے بعد ہاردک پانڈیا ٹی20 فارمیٹ میں انڈین ٹیم کی کپتانی کے لیے تگڑے امیداور ہیں۔
آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا گجرات ٹائٹنز کو انڈین پریمیئر لیگ میں ٹائٹل دلانے کا تجربہ رکھتے ہیں جبکہ وہ سن 2023 انڈین ٹی20 ٹیم کی قیادت بھی کر چکے ہیں۔
انڈین ٹیم کی کپتانی کے متعلق بات چیت کرتے ہوئے جے شاہ نے صحافیوں کو بتایا کہ ’کپتانی کا فیصلہ سلیکٹرز کریں گے اور ہم ان سے بات چیت کے بعد اس کا اعلان کریں گے۔ آپ (صحافی) نے ہاردک کے بارے میں پوچھا، اس کی فارم پر بہت سارے سوالات تھے لیکن سلیکٹرز نے ان پر بھروسہ ظاہر کیا اور ہاردک نے بھی خود کو ثابت کیا۔‘
دوسری طرف اتوار کو بی سی سی آئی نے 17 برس بعد ٹی20 ورلڈ کپ 2024 جیتنے پر انڈین ٹیم کے لیے 125 کروڑ انڈین روپے کے انعام کا بھی اعلان کیا ہے۔