انڈونیشیا میں اژدھے نے خاتون کو نگل لیا، پیٹ سے لاش برآمد
پولیس کے مطابق ایک ماہ کے دوران صوبے میں پائیتھن سے یہ دوسری ہلاکت ہے (فوٹو: اے ایف پی)
وسطی انڈونیشیا میں اژدھے نے ایک خاتون کو سالم نگل لیا جس کے بعد وہ اس کے پیٹ میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ ایک ماہ کے دوران سولاویسی صوبے میں پائیتھن یعنی اژدھے سے یہ دوسری ہلاکت ہے۔
پولیس کے مطابق 36 سالہ سریاتی منگل کی صبح اپنے بیمار بچے کے لیے دوائی خریدنے کے لیے گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہو گئی تھیں۔
سریاتی کے لاپتہ ہونے کے بعد اُن کے رشتہ داروں نے اُن کی تلاش شروع کر دی۔
خاتون کے شوہر 30 سالہ اڈیانسا کو جنوبی سولاویسی صوبے کے سائٹبا گاؤں میں ان کے گھر سے تقریباً 500 میٹر کے فاصلے پر ان کی چپل اور پینٹ ملی۔
مقامی پولیس حکام نے بتایا کہ ’اس کے کچھ ہی دیر بعد انہوں نے راستے سے تقریباً 10 میٹر کے فاصلے پر ایک اژدھا دیکھا جو اب تک زندہ تھا۔‘
گاؤں کے سیکریٹری ایانگ نے اے ایف پی کو بتایا کہ ’اڈیانسا کو اس وقت شک ہوا جب اُن کی نظر پائیتھن کے ’بہت بڑے‘ پر پیٹ پڑی۔
انہوں نے گاؤں کے رہائشیوں کو اژدھے کا پیٹ کانٹنے میں مدد کے لیے بلایا جب انہیں سریاتی کی لاش ملی۔
اگرچہ ایسے واقعات بہت کم ہی دیکھنے کو ملتے ہیں تاہم حالیہ برسوں میں کئی افراد کو پائیتھن نے نگل لیا۔
جنوبی سولاویسی کے ایک اور ضلع میں گذشتہ ماہ ایک خاتون پائیتھن کے پیٹ کے اندر مردہ پائی گئی تھیں۔
گذشتہ سال صوبے کے رہائشیوں نے آٹھ میٹر لمبے ایک پائیتھن کو مار ڈالا تھا جو ایک گاؤں میں کسانوں میں سے ایک کو مار کر کھا رہا تھا۔
ایک 54 سالہ خاتون 2018 میں جنوب مشرقی سولاویسی کے مونا قصبے میں سات میٹرلمبے پائیتھن کے پیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔
اور اس سے ایک سال قبل مغربی سولاویسی میں ایک کسان لاپتہ ہو گیا تھا جس کے بارے میں بعد میں پتہ چلا کہ اُسے پام آئل کے باغات میں چار میٹر لمبے پائیتھن نے نگل لیا تھا۔