Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پرویز الٰہی کی شادیوں میں شرکت، پارٹی سے غائب کیوں؟

رہائی کے بعد پرویز الٰہی پی ٹی آئی کے کسی اجلاس یا سرگرمی میں نظر نہیں آئے (فائل فوٹو: مونس الٰہی ایکس اکاؤنٹ)
پاکستان تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویز الٰہی کو رہا ہوئے ڈیڑھ ماہ ہوچکا ہے، تاہم وہ ابھی تک پی ٹی آئی کے کسی اجلاس یا سرگرمی میں نظر نہیں آئے۔
پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت کی جانب سے بھی اپنے صدر کے جیل سے باہر آنے کے بعد اُن کے لیے کسی سرگرمی کا انعقاد نہیں کیا گیا اور پارٹی ذرائع کے مطابق موجودہ قیادت میں سے تاحال کوئی اُن سے ملنے بھی نہیں گیا۔
بظاہر پی ٹی آئی کے رہنما یہ تاثر دے رہے ہیں کہ چوہدری پرویز الٰہی بیمار ہیں جس کی وجہ سے وہ سیاسی سرگرمیوں سے لاتعلق ہیں۔
 تاہم سابق وزیراعلٰی پنجاب کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ وہ اتنے بیمار نہیں کہ لاتعلق ہو کر گھر بیٹھ جائیں اور وہ شادی بیاہ کی تقریبات میں شریک بھی ہو رہے ہیں۔
چند روز پہلے گجرات میں شادی کی ایک تقریب میں اُن کی شرکت کی تصاویر منظر عام پر آئی تھیں اور انہوں نے وہاں مقامی میڈیا سے مختصر گفتگو بھی کی تھی۔
اس بات چیت میں انہوں نے مقامی سطح کی سیاست پر بات کی اور کہا کہ جن افراد نے اُن کا مینڈیٹ چوری کیا اُنہیں معافی مانگنا پڑے گی۔
اس سے قبل چوہدری پرویز الٰہی نے ایک بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ ’وہ عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کا ساتھ نہیں چھوڑیں گے۔‘
تاہم 21 مئی کو رہا ہونے کے بعد انہوں نے اس کے علاوہ سیاست یا پاکستان تحریک انصاف کے حوالے سے کوئی بات نہیں کی۔
سابق وزیراعلٰی پنجاب کی اس خاموشی کی وجہ سے ان تبصروں کو تقویت مل رہی ہے جن میں یہ کہا جا رہا ہے کہ وہ کسی ڈیل کے نتیجے میں باہر آئے ہیں اور اسی وجہ سے خاموش ہیں۔
پی ٹی آئی کے ایک اور سابق سینیئر رہنما فواد چوہدری جو پرویز الٰہی کے ساتھ اڈیالہ جیل میں قید رہ چکے ہیں اور ان دنوں سیاسی منظرنامے پر دوبارہ سرگرم ہوئے ہیں، بھی اُن کی تازہ صورت حال کے بارے میں گومگو کا شکار ہیں۔
اردو نیوز نے جب اُن سے استفسار کیا کہ کیا انہوں نے پی ٹی آئی کی سیاست کا حصہ بننے کے لیے اس کے صدر چوہدری پرویز الٰہی سے کوئی رابطہ کیا تو ان کا کہنا تھا کہ اُن کا چوہدری پرویز الٰہی سے کوئی رابطہ نہیں ہوا۔  

مسلم لیگ ق کے ایک رہنما کے مطابق پرویز الٰٰہی کی رہائی میں چوہدری شجاعت نے مرکزی کردار ادا کیا ہے‘ (فائل فوٹو: سکرین گریب)

جب ان سے پوچھا گیا کہ چوہدری پرویز الٰہی کیوں خاموش ہیں تو انہوں نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں اور لگتا ہے کہ وہ بیماری کی وجہ سے خاموش ہیں۔ 
’چوہدری پرویز الٰہی فون پر بات نہیں کر رہے‘
چوہدری پرویز الٰہی کے کزن اور موجودہ حکومت کے اتحادی چوہدری شجاعت حسین کے قریبی حلقے یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ ان کی رہائی میں چوہدری شجاعت حسین نے کردار ادا کیا ہے اس لیے فی الحال وہ خاموش ہیں۔
چوہدری شجاعت حسین کی جماعت پاکستان مسلم لیگ ق کے پنجاب سے ایک رہنما نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس حوالے سے اردو نیوز سے بات چیت کی۔
ان کے مطابق ’چوہدری پرویز الٰہی کی صحت اچھی ہے اور وہ اپنے قریبی ساتھیوں سے مِل جُل رہے ہیں اور اُن کی تقریبات میں شریک بھی ہو رہے ہیں۔‘ 
’تاہم وہ سیاسی طور پر اس لیے خاموش ہیں کیونکہ وہ باقاعدہ بات چیت کے ذریعے جیل سے باہر آئے ہیں اور اس میں چوہدری شجاعت حسین نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔‘
اردو نیوز نے چوہدری پرویز الٰہی سے بات کرنے کے لیے ان کی لاہور میں رہائش گاہ پر ٹیلی فون کیا تو وہاں سے آپریٹر نے بتایا کہ ’چوہدری صاحب ان دنوں فون پر کسی سے بات نہیں کرتے۔‘

ترجمان پی ٹی آئی کہتے ہیں کہ ’مونس الٰہی کور کمیٹی کے رکن ہیں اور اپنے خاندان کی نمائندگی کرتے ہیں‘ (فائل فوٹو: مونس الٰہی ایکس اکاؤنٹ)

ان کے مطابق ’چوہدری پرویز الٰہی کی سرگرمیاں محدود ہیں اور وہ نہ تو زیادہ لوگوں سے ملتے ہیں اور نہ ہی فون پر بات کرتے ہیں۔‘
آپریٹر کا مزید کہنا تھا کہ وہ تصدیق نہیں کر سکتے کہ چوہدری پرویز الٰہی اس وقت گھر پر موجود ہیں یا باہر گئے ہوئے ہیں۔ 
’چوہدری پرویز الٰہی سے زیادہ اہم باتیں غور کرنے کے لیے ہیں‘
پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان رؤف حسن کو بھی واضح طور پر نہیں پتا کہ چوہدری پرویز الٰہی کب پارٹی کی سطح پر سیاسی سرگرمیاں شروع کریں گے۔
ان سے جب اس بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ اس وقت اس موضوع سے زیادہ اہم باتیں زیربحث لائی جا سکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی بدستور پارٹی کے صدر ہیں اور ان کی غیر حاضری کے بارے میں بعد میں کسی وقت بات کی جا سکتی ہے۔
’پرویز الٰہی ہمارے صدر ہیں، ہمارے پاس آج کے دن میں اور بہت اہم باتیں کرنے کے لیے ہیں، پرویز الٰہی جب بہتر محسوس کریں گے تو سرگرم ہو جائیں گے اور آجائیں گے۔‘
رؤف حسن نے مزید کہا کہ پرویز الٰہی کے بیٹے چوہدری مونس الٰہی پارٹی میں ان کے خاندان کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
’مونس الٰہی ہماری کور کمیٹی کے رکن ہیں اور اپنے خاندان کی نمائندگی کرتے ہیں، وہ کور کمیٹی کے اجلاس میں بھی شریک ہوتے ہیں۔‘
تاہم پی ٹی آئی کے ترجمان سے جب پوچھا گیا کہ کیا پارٹی کی موجودہ قیادت میں سے کوئی رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائی کے بعد اُن سے ملنے گیا تو انہوں نے کہا کہ ’اس پر کسی اور دن بات کریں گے۔‘

شیئر: