کیا کوہلی اور انوشکا نے انڈیا چھوڑ کر لندن میں مستقل رہائش اختیار کر لی ہے؟
اتوار 7 جولائی 2024 18:28
مداحوں نے مشہور جوڑے کے لندن میں رہائش پذیر ہونے پر دلچسپ تبصرے کیے ہیں۔ فائل فوٹو: انسٹاگرام
انڈین کرکٹ ٹیم کے سٹار بیٹر وراٹ کوہلی اور اُن کی اداکارہ اہلیہ انوشکا شرما اپنے بچوں کے ہمراہ لندن منتقل ہو رہے ہیں۔
انڈین شوبز انڈسٹری کی خبروں کی ویب سائٹ کوئی موئی کے مطابق وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما بلاشبہ اس وقت بالی وُڈ کی خوبصورت ترین جوڑی ہے۔
انڈین کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور حالیہ ٹی20 ورلڈ کپ میں اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والے وراٹ کوہلی اپنے ملک کو خیرباد کہنے والے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ٹی20 کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے والے وراٹ کوہلی اپنی اہلیہ اور بچوں کے ہمراہ زیادہ وقت اب لندن میں ہی گزارتے ہیں، اور وہ مستقل وہیں رہائش اختیار کرنے کا مںصوبہ رکھتے ہیں۔
انڈیا میں کرکٹ اور شوبز انڈسٹری کے مداح کہتے ہیں کہ یہ وراٹ اور انوشکا کا اچھا فیصلہ ہے جبکہ بعض کا کہنا ہے کہ دونوں پہلے ہی لندن منتقل ہو چکے ہیں۔
ایک مداح نے سوشل میڈیا پر تبصرہ کیا کہ ’وہ یہاں معمول کی زندگی نہیں گزار سکتے۔ لندن اچھا شہر ہے۔ یہ خوبصورت ہے اور اچھی تعلیم دستیاب ہے۔‘
تبصرہ کرنے والے نے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ دو تین برس قبل ایک بار وراٹ اور انوشکا ایک سکوٹر پر سوار ہو رہے تھے، اور ہر کوئی ان کا پیچھا کر رہا تھا۔ پھر وراٹ کے ہوٹل کے کمرے کی ویڈیو۔ لوگ ان کے پیچھے دیوانے ہیں۔ ان کے بچوں کی تصاویر ایک نہ ایک دن لیک ہو جائیں گی (جو وہ نہیں چاہتے)۔ وہ یہاں اپنی پرائیویسی نہیں رکھ سکتے۔ وراٹ تین چار سال میں ریٹائر ہونے والے ہیں، اور انوشکا نے پہلے ہی اپنے کیریئر کو روک دیا ہے۔ اس نے پہلے ہی کہا تھا کہ وہ کچھ عرصے کے لیے سکرین سے غائب رہے گی جو انڈیا میں ممکن نہیں۔ شاید اس کا مطلب لندن میں رہائش اختیار کرنا ہو۔‘
ایک زیادہ پرجوش پرستار نے دونوں کی سرگرمیاں کی کڑیاں ملاتے ہوئے لکھا کہ ’یہ ایک عارضی قدم کیسے ہو سکتا ہے۔ مجھے اُس وقت اشارہ ملا جب وراٹ نے یہ بیان دیا کہ ’میں کچھ عرصے کے لیے چلا جاؤں گا۔‘
’وراٹ نے حال ہی میں انسٹاگرام پر لندن کے ایک پلے سکول اور رہائشی علاقے کو بھی فالو کرنا شروع کیا۔ انہوں نے کم از کم عارضی طور پر رہائش برطانیہ منتقل کر دی ہے۔ انہیں میچوں کے لیے سفر کرنا پڑے گا اور آئی پی ایل کے لیے انڈیا میں ہونا پڑے گا۔ لیکن کرکٹ کے بعد وہ مستقل طور پر وہاں رہیں گے۔‘
ایک مداح نے لکھا کہ ان کے لیے اچھا ہے۔ ان کے بچے معمول کے ساتھ بڑے ہونے کے موقع کے مستحق ہیں۔
یہ تمام قیاس آرائیاں اس وقت سے شروع ہوئیں جب انوشکا شرما نے لندن میں اپنے بیٹے اکائے کو جنم دیا۔
وراٹ کوہلی اور انوشکا شرما نے کئی بار لوگوں کی طرف سے پہچانے نہ جانے اور ایک عام آدمی کی طرح سڑکوں پر چلتے ہوئے بے فکر زندگی گزارنے کا اپنا حقیقی تجربہ شیئر کیا ہے۔ تاہم اس وقت وہ لندن میں چھٹیاں گزار رہے ہیں اور انہوں نے وہاں مستقل طور پر رہائش اختیار کرنے کا کوئی اعلان نہیں کیا۔