راہُل ڈریوڈ کا ٹی20 ورلڈ کپ کی انعامی رقم کم لینے کا فیصلہ
ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد راہُل ڈریوڈ انڈین ٹیم کی کوچنگ سے دستبردار ہو چکے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
انڈین کرکٹ ٹیم کی سابق ہیڈ کوچ راہُل ڈریوڈ نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ملنے والی انعامی رقم آدھی لینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈین ٹیم کو بی سی سی آئی کی جانب سے 125 کروڑ انڈین روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔
اس میں سے راہُل ڈریوڈ کو پانچ کروڑ انڈین روپے انعام ملنا تھا تاہم باقی کوچز کو ڈھائی کروڑ کی انعامی رقم دی گئی۔
ہندوستان ٹائمز کے مطابق راہُل ڈریوڈ نے بی سی سی آئی سے درخواست کی ہے کہ انہیں پانچ کروڑ کے بجائے ڈھائی کروڑ دیے جائیں کیونکہ وہ بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کوچز کی نسبت زیادہ پیسے نہیں لینا چاہتے۔
بی سی سی آئی کے ذرائع نے بتایا کہ ’راہُل دیگر سپورٹ سٹاف کے جتنا ہی بونس لینا چاہتے ہیں۔ ہم ان کے جذبات کی قدر کرتے ہیں۔‘
خیال رہے کہ راہُل ڈریوڈ نے 2018 میں بطور انڈر 19 کوچ بھی ایسا ہی فیصلہ کیا تھا جب انہوں نے انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈین ٹیم کو ملنے والی انعامی رقم سے 50 لاکھ روپے کے بجائے 30 لاکھ روپے لینے کا فیصلہ کیا تھا۔
واضح رہے کہ ٹی20 ورلڈ کپ کے بعد راہُل ڈریوڈ انڈین ٹیم کی کوچنگ سے دستبردار ہو چکے ہیں جس کے بعد گوتم گمبھیر کو ٹیم کا نیا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔
خیال رہے کہ راہل ڈریوڈ کی کوچنگ میں انڈیا کو ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ اور ون ڈے ورلڈ کپ کے فائنل میں شکست ہوئی تاہم 29 جون کو بارباڈوس میں کھیلے گئے ٹی20 ورلڈ کپ کے فائنل میں انڈیا نے جنوبی افریقہ کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
وہ اس سے قبل انڈیا اے اور انڈیا انڈر 19 کی بھی کوچنگ کر چکے ہیں جبکہ آئی پی ایل میں راہل ڈریوڈ راجھستان رائلز کے مینٹور بھی رہ چکے ہیں۔