Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

زمبابوے کی انڈیا کو پہلے ٹی20 میں شکست، ’مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا‘

یہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈیا کا پہلا ٹی20 میچ تھا۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پانچ ٹی20 میچوں پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں زمبابوے نے انڈیا کو 13 رنز سے ہرا کر سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی۔
ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا جس کے بعد زمبابوے نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز بنائے۔
زمبابوے کی جانب سے کلائیو ماڈنڈے نے 29، ڈیون میئرز نے 23 جبکہ برائن بینیٹ نے 22 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے روی بشنوئی نے چار، واشنگٹن سندر نے دو جبکہ مکیش کمار نے ایک وکٹ حاصل کی۔
زمبابوے کی جانب سے دیے گئے 116 رنز کے ہدف کے جواب میں انڈیا کی پوری ٹیم 19.5 اوورز میں 102 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
انڈیا کی جانب سے کپتان شبھمن گِل نے 31، واشنگٹن سُندر نے 27 جبکہ آویش خان نے 16 رنز بنائے۔
زمبابوے کی طرف سے ٹینڈائی چٹارا اور سکندر رضا نے تین تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
یہ زمبابوے کی 2016 کے بعد پہلی مرتبہ انڈیا کے خلاف ٹی20 انٹرنیشنل فارمیٹ میں جیت تھی۔
خیال رہے کہ یہ آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ جیتنے کے بعد انڈیا کا پہلا ٹی20 میچ تھا۔
دورہ زمبابوے کے لیے انڈین ٹیم کا سکواڈ نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جس کی قیادت شبھمن گِل کر رہے ہیں۔
زمبابوے سے شکست کے بعد سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر کرکٹ صارفین کے دلچسپ تبصرے بھی دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
ایکس صارف دی بیڈ ڈاکٹر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’آسٹریلیا کے خلاف جیتنے کے لیے آپ کو زمبابوے کے خلاف تجربات کرنے ہوں گے۔ جو ہارنے سے ڈرتے ہیں وہ کبھی جیت نہیں پائیں گے۔‘
 
عرفان نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’بھئی یہ کیا سکور میں دیکھ رہا ہوں۔ مجھے اپنی آنکھوں پر یقین نہیں آ رہا۔ انڈیا 47 سکور پر 6 آؤٹ۔‘
 
فرضی کرکٹر لکھتے ہیں کہ ’ایک میچ میں سب کا ہم باہمی سیریز کی پرواہ نہیں کرتے، صرف ہمیں آئی سی سی ٹرافی جیت کر دو، نکل گیا۔‘ 
 
خیال رہے کہ سیریز کا دوسرا میچ اتوار کو ہرارے میں کھیلا جائے گا۔

شیئر: