پاکستان کے کئی علاقوں میں آج سے بارشوں کا آغاز، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ
پاکستان کے کئی علاقوں میں آج سے بارشوں کا آغاز، اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ
جمعرات 11 جولائی 2024 16:45
’موسلادھار بارش کے باعث شمال مشرقی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات کے مطابق 12 سے 14 جولائی کے دوران بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، مظفر گڑھ، راجن پور اور رحیم یار خان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
اسی طرح خیبر پختونخوا میں 15 جولائی تک دیر، چترال، سوات، مالاکنڈ، شانگلہ، بٹگرام، بونیر، کوہاٹ، باجوڑ، مہمند، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور میں بارش ہونے کا امکان ہے۔
پشاور، مردان، چارسدہ، وزیرستان، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش کی توقع ہے۔ اس دوران چند مقامات پر موسلادھار بارش کا بھی امکان ہے۔
بلوچستان میں 12 سے 14 جولائی کے دوران صوبے کے بیشتر اضلاع میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تاہم بلوچستان کے مشرقی علاقوں خضدار، قلات، زیارت، ژوب، بارکھان اور موسیٰ خیل میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
صوبہ سندھ میں 12 اور 13 جولائی کو سکھر، لاڑکانہ اور جیکب آباد میں بھی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسی طرح 15 جولائی تک گلگت بلتستان میں دیامر، استور، سکردو، گلگت، گانچھے اور شِگر میں مطلع جزوی طور پر ابرآلود رہنے کے علاوہ وقفے وقفے سے بارش کی بھی توقع ہے۔ ممکنہ اثرات اور احتیاطی تدابیر:
بارہ سے چودہ جولائی کے دوران موسلادھار بارش سے مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ ’موسلادھار بارش کے باعث شمال مشرقی پنجاب کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔‘
شدید بارشوں کے باعث خیبر پختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلیات، مری اور پاکستان کے زیرانتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈسلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
ملک بھر میں شدید بارشوں کی وجہ سے آندھی چلنے اور گرج چمک کے باعث روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے، کچے گھروں، دیواروں، بجلی کے کھمبوں، بل بورڈز،گاڑیوں اور سولر پینلز وغیرہ کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔
محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ’کسان موسمیاتی پیش گوئی کو مدِنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔‘
’مسافر اور سیاح محتاط رہیں اور موسمی حالات کے مطابق اپنے سفر کا انتظام کریں اور بارشوں کے دوران کسی بھی ناخوش گوار صورت حال سے بچنے کے لیے موسم کے بارے میں پیشگی آگاہی حاصل کریں۔‘
حکام نے تمام متعلقہ اداروں کو گرمی کی لہر کے دوران ’الرٹ‘ رہنے اور کسی ناخوش گوار واقعے سے بچنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔
پیر کو محکمہ موسمیات نے 10 جولائی سے 16 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیش گوئی کی تھی۔
’بحیرہ عرب سے مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کے باعث 10 سے 16 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی توقع ہے۔‘