Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

رواں ہفتے موسلادھار بارشوں کی پیشن گوئی، پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

گزشتہ برس بھی پاکستان کے مختلف اضلاع سیلاب سے متاثر ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں مون سون بارشوں کی پیشن گوئی ہے جس سے روزمرہ کے معمولات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کی وجہ سے صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا، پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، گلگت بلتستان میں اربن فلڈنگ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
تین جولائی سے بحیرہ عرب اور خلیج بنگال سے مون سون ہوائیں شدت کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوں گی۔
چار سے سات جولائی کے دوران موسلا دھار بارشوں سے اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، مانسہرہ، کوہستان، ایبٹ آباد، دیر، سوات، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور ڈیرہ غازی خان کے پہاڑی ندی نالوں میں سیلابی صورتحال اور طغیانی کا خطرہ ہے۔
چار سے سات جولائی کے دوران ہی لاہور، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، نارووال، راولپنڈی، فیصل آباد اور پشاور میں اربن فلڈ نگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شدید بارشوں کے باعث خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، مری، گلیات، پاکستان کے زیر انتظام کشمیر اور گلگت بلتستان میں لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک کی آمدورفت متاثر ہونے کا خطرہ جبکہ مشرقی دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے۔
حکام کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمزور انفرا سٹرکچر والے کچے مکانات یا دیواروں، بجلی کے کھمبے، بل بورڈز، گاڑیوں سولر پینل وغیرہ) کو بھی نقصان پہنچنے کا اندیشہ ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں موسم انتہائی گرم ہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

آج کہاں بارش کا امکان ہے؟

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ دو اور سات جولائی کے درمیان اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
آج منگل اور بدھ کو اسلام آباد اور گردونواح میں دن کے اوقات میں موسم گرم اور مرطوب جبکہ بعداز دوپہر مطلع جزوی ابرآلود رہنے کے علاوہ رات میں آندھی چلنے اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
آج پاکستان کے زیرانتظام کشمیر، بالائی خیبرپختونخوا، شمال مشرقی بلوچستان، خطہ پوٹھوہار، شمال مشرقی  اور وسطی پنجاب اور جنوبی سندھ میں چند مقامات پر آندھی چلنے اورگرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
رواں ہفتے گلگت بلتستان میں مطلع جزوی ابر آلود رہے گا جبکہ بارش بھی متوقع ہے۔
صوبہ سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہنے کا امکان  ہے تاہم چار سے سات جولائی کے درمیان مٹھی، عمرکوٹ، سکھر اور لاڑکانہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان کے بھی بیشتر اضلاع میں موسم انتہائی گرم اور مرطوب رہے گا لیکن تین سے سات جولائی کے درمیان خضدار، قلات، ژوب، بارکھان، جعفرآباد نصیر آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

2022 میں سیلاب کی وجہ سے صوبہ سندھ میں سینکڑوں خاندان بے گھر ہوئے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

خیبرپختونخوا کے دارالحکومت پشاور سمیت بیشتر اضلاع میں مطلع جزوی ابر آلود ہونے اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں منگل اور بدھ کو موسم گرم و مرطوب رہے گا لیکن تین سے سات جولائی کے درمیان ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رواں سال مون سون سیزن میں 30 فیصد تک زیادہ بارشیں متوقع ہیں، ترجمان پی ڈی ایم اے
صوبہ پنجاب کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے ’پی ڈی ایم اے) کے ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون سیزن میں 30 فیصد تک زیادہ بارشیں متوقع ہیں۔ جولائی کے پہلے ہفتے میں 15 سے 50 ملی میٹر بارش کے امکانات ہیں۔
اے پی پی کے مطابق پی ڈی ایم اے کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جولائی کے دوسرے ہفتے میں 25 سے 35 ملی میٹر بارشیں متوقع ہیں، اسی طرح جولائی کے تیسرے ہفتے میں بالائی پنجاب، جنوبی پنجاب میں 15 سے 25 ملی میٹر بارش ہو سکتی ہے جبکہ جولائی کے چوتھے ہفتے میں 50 سے 70 ملی میٹر بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

شیئر: