Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

اکشے کمار کو اپنے کیریئر کی سب سے مشکل فلم کون سی لگی؟

اکشے کمار نے مزید انکشاف کیا کہ ’فلم میں ایسے کئی شاٹس تھے جو 10 منٹ لمبے تھے۔‘ (فوٹو: سکرین شاٹ)
بالی وڈ کے سپرسٹار اکشے کمار کی نئی فلم ’سَرفِرا‘ رواں ہفتے سنیما گھروں کی زینت بننے کو تیار ہے۔
اکشے کمار کا شمار ان بالی وڈ اداکاروں میں ہوتا ہے جو تقریباً ہر قسم کی فلم میں کام کر چکے ہیں۔
فلم سَرفِرا سے قبل اکشے کمار نے اپنے انٹرویو میں اپنے کیریئر کی سب سے مشکل فلم کا نام بتا دیا۔ ہندوستان ٹائمز کے مطابق جب اکشے کمار سے انٹرویو میں پوچھا گیا کہ ان کے کیریئر میں کون سی فلم انہیں سب سے مشکل لگی تو اس کے جواب میں اداکار نے 2005 میں ریلیز ہوئی کامیڈی فلم ’گرم مصالحہ‘ کا نام لیا۔
اکشے کمار نے کہا کہ ’سب سے مشکل؟ سچ بتاؤں تو سب سے مشکل تھی گرم مصالحہ۔ میں وہ فلم کرتے وقت تھک جاتا تھا کیونکہ پریان (پریا درشن، فلم کے ہدایت کار) سر بہت لمبے لمبے شاٹس لیتے تھے۔‘
انہوں نے مزید بتایا کہ ’وہ کھیل (پلے) کی طرح کی فلم تھی۔ اُس فلم میں میں ایک وقت پر چار لڑکیوں کو ڈیٹ کرتا ہوں اور وہ چاروں ایک ہی گھر میں موجود ہوتی ہیں۔ بہت زیادہ کام کرنا پڑتا تھا۔ وہ میرے کیریئر کی سب سے مشکل فلم تھی۔‘
بالی وڈ کھلاڑی نے مزید بتایا کہ ’ہر جملے (ڈائیلاگ) پر جذبات کو بدلنا پڑتا تھا۔ کیونکہ آپ ایک لڑکی کے سامنے کچھ کہتے تھے، جب وہ رخ موڑتی تھی تو دوسری لڑکی کے سامنے آپ کو دوسرا کردار کرنا پڑتا تھا۔‘
فلم گرم مصالحہ کے بارے میں اکشے کمار نے مزید انکشاف کیا کہ ’فلم میں ایسے کئی شاٹس تھے جو 10 منٹ لمبے تھے۔ میں ایکشن اور ڈانس کو ایسے شاٹس سے زیادہ آسان سمجھتا ہوں۔‘
خیال رہے کہ 2005 میں دیوالی کے موقع پر ریلیز ہونے والی گرم مصالحہ کی مرکزی کاسٹ میں اکشے کمار، جان ابراہم، پریش راول، رِمی سین، نیہا دھوپیا اور راج پال یادو شامل تھے۔

شیئر: