تین منٹ میں 184 سیلفیاں، اکشے کمار نے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
تین منٹ میں 184 سیلفیاں، اکشے کمار نے نیا ورلڈ ریکارڈ قائم کردیا
جمعرات 23 فروری 2023 17:57
گینز ورلڈ ریکارڈ نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ ’اکشے کمار کو مبارک ہو۔ جو اب تین منٹوں میں سب سے زیادہ 184 سیلفیاں لینے کا ریکارڈ بنا چکے ہیں۔‘ (فوٹو: ٹوئٹر)
بالی وُڈ اداکار اکشے کمار نے ایک انوکھا ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
اکشے کمار نے اپنی آنے والی فلم ’سیلفی‘ کی تشہیری مہم کے دوران مداحوں کے ساتھ تین منٹوں میں 184 سلفیاں بنائیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ اکشے کمار تیزی سے اپنے مداحوں کے ساتھ باری باری سیلفیاں لے رہے ہیں۔
اس سے قبل یہ ریکارڈ جیمز سمتھ نامی ایک برطانوی شہری کے پاس تھا جنہوں نے تین منٹوں میں 168 سیلفیاں بنائی تھیں۔
تین منٹوں میں سب سے زیادہ سیلفیاں بنانے کا ریکارڈ ہالی وُڈ کے سپر سٹار ڈیوین جانسن المعروف دی راک کے پاس بھی رہ چکا ہے۔
دی راک نے 2015 میں اپنی فلم ’سین اینڈریاز‘ کے پریمیئر کے موقع پر تین منٹوں میں مداحوں کے ساتھ 105 سیلفیاں بنوائیں تھیں۔
دوسری جانب اکشے کمار اور عمران ہاشمی کی فلم ’سیلفی‘ بھی جمعے کے روز ریلیز کے لیے تیار ہے۔
ٹریلر کے مطابق فلم کی کہانی وجے کمار (اکشے کمار) نامی ایک فلمی ہیرو اور اوم پرکاش (عمران ہاشمی) نامی ایک پولیس افسر کے گرد گھومتی ہے جو اپنے پسندیدہ اداکار کا مداح ہے اور اس کے ساتھ سیلفی بنوانا چاہتا ہے تاہم اس مقصد میں ناکام ہونے کے بعد وہ پولیس کے اختیارات کا ناجائز استعمال کرتے ہوئے سیلفی کی خاطر وجے کمار کو ڈرائیونگ لائسنس لینے کے لیے پولیس سٹیشن طلب کرتا ہے جہاں سے دونوں کے درمیان معاملات تلخ ہوجاتے ہیں۔
فلم میں اکشے کمار اور عمران ہاشمی کے علاوہ اداکارہ نٗشرت بھروچا مرکزی کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ فلم کی ہدایتکاری راج مہتا نے کی ہے۔
خیال رہے سیلفی 2019 میں ریلیز ہونے والی جنوبی انڈیا کی ملیالم فلم انڈسٹری کی فلم ’ڈرائیونگ لائسنس‘ کا ہندی ریمیک ہے۔