Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گاڑی کے چیسی نمبر کو چھپانے پر 5 ہزار ریال کا چالان ہوگا ؟

ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ ڈیش بورڈ پر کچھ رکھ کرچیسی نمبر چھپانا جرم ہے(فوٹو، ایکس)
گاڑی کی ونڈ اسکرین کے نیچے موجود ’چیسی ‘ نمبر کو چھپانے پر کم ازکم 5 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ ٹریفک پولیس کا کہناہے کہ قانون کی شق نمبر7 کے تحت کسی بھی حالت میں گاڑی کی چیسی نمبر کو چھپانا غیرقانونی عمل ہے جس پرجرمانہ کیا جاتا ہے۔
سبق نیوزکے مطابق گزشتہ ہفتے سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی وڈیو جس میں ایک سعودی شہری نے اپنے بیٹے کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں بتایا کہ بیٹے کی گاڑی کے ڈیش بورڈ پرکاغذات رکھے تھے جس کی وجہ سے ونڈ اسکرین کے نیچے موجود گاڑی کا چیسی نمبر چھپ گیا تھا۔
شہری کا کہنا تھا کہ اس کے بیٹے کے موبائل پرٹریفک پولیس کی جانب سے 5 ہزار ریال کا چالان موصول ہوا۔ چالان میں درج تھا کہ گاڑی کا چیسی نمبر چھپایا گیا ہے۔
اس حوالے سے سعودی عرب میں سوشل میڈیا پر گزشتہ ہفتے سے کافی بحث چھڑی تھی جس پرٹریفک پولیس نے ایکس اکاونٹ پر وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ چیسی نمبر کسی بھی حالت میں چھپانا قانون کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے۔ خواہ چیسی نمبر کو جان بوجھ کرچھپایا جائے یا غیرارادی طورپر وہاں کوئی چیز رکھ دی جائے دونوں صورتوں میں قانون کی خلاف ورزی شمار ہوتی ہے جس پر کم از کم جرمانہ 5 ہزار جبکہ زیادہ سے زیادہ 10 ہزارریال ہوتا ہے علاوہ ازیں گاڑی بھی پولیس کی تحویل میں لی جاسکتی ہے۔

سوشل میڈیا پرچیسی نمبر چھپانے کے حوالے سے بحث چھڑی تھی(فوٹو، ایس پی اے)

ٹریفک پولیس کی جانب سے قانون کی شق نمبر7 کی وضاحت کی گئی ہے جس میں ہونے والا جرمانہ 5 سے 10 ہزارریال مقرر ہے ان میں چیسی نمبر کو چھپانا ،غیرمعروف نمبرپلیٹ لگنا اور نشے کی حالت میں گاڑی چلانا بھی شامل ہے۔

شیئر: