عیسر ریجن میں’ ہنی کاٹیج‘ جہاں 40 اقسام کے شہد موجود ہیں
ہفتہ 13 جولائی 2024 18:10
وزیٹرز کو شہد کی خصوصیات کے بارے میں بتایا جاتا ہے ( فوٹو: ایکس اکاونٹ)
سعودی عرب کے عسیر ریجن کے فلک بوس پہاڑ، قدرتی مناظر اور تفریحی مقامات موسم گرما میں سیاحوں کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔
مملکت نے موسم گرما گزارنے کے لیے جن گیارہ سیاحتی مقامات کا انتخاب کیا ہے ان میں عسیر سرفہرست ہے۔
ٹی وی چینل ایم بی سی کی نامہ نگار نے اپنے دورہ عسیرمیں یہاں کے تاریخی مقامات اور دلکش مناظر دنیا کو دکھائے ہیں۔
ایم بی کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ عسیر میں ایک ’ہنی کاٹیج‘ بنایا گیا ہے جہاں 40 اقسام کے شہد موجود ہیں۔
جہاں وزیٹرز کو ان کی خصوصیات کے بارے میں بتایا جاتا ہے جبکہ انہیں چکھا بھی جا سکتا ہے۔
ہنی کاٹیج کو قائم ہوئے صرف تین سال ہوئے ہیں لیکن یہ اپنی انفرادیت کی وجہ سے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
اس علاقے میں مختلف پھل بھی موجود ہیں جس میں انجیر، سٹرابیری اور چیری قابل ذکر ہیں۔ عسیر کے سیاحتی مقامات پر قائم دکانوں سے یہ پھل باآسانی خریدے جا سکتے ہیں۔
سعودی محکمہ سیاحت و قومی آثار کے ریکارڈ کے مطابق عسیر میں 425 تاریخی مقامات موجود ہیں۔
عسیر ریجن کا قریہ رجال المع یونیسکو کے تاریخی ورثے میں شامل ہے۔ یہاں 900 برس قدیم عمارتیں موجود ہیں۔
خوبصورت پہاڑوں کے درمیان رجال المع قریہ سینکڑوں سال گزر جانے کے باوجود آج بھی اپنی شاندار خوبصورتی اور خاص عمارتوں کے سحر کو برقرار رکھے ہوئے ہے۔