سعودی ولی عہد و وزیر اعظم شہزدہ محمد بن سلمان اور برطانوی وزیر اعظم کیئر سٹارمر کے درمیان پیر کو ٹیلی فون پر رابطہ ہوا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق سعودی ولی عہد نے کیئر سٹارمر کو برطانیہ کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد ی۔
سعودی ولی عہد اوربرطانوی وزیر اعظم نے دونوں ملکوں اور دوست عوام کے درمیان بہترین تعلقات، انہیں تمام شعبوں میں مضبوط بنانے اور ترقی دینے کی کوششوں کی تعریف کی۔
عرب نیوز کے مطابق ڈاوننگ سٹریٹ سے جاری ایک بیان مں کہا گیا کہ برطانوی وزیر اعظم نے مبارکباد دینے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماوں نے سٹریٹجک پارٹنر شپ کونسل سمیت برطانیہ اور سعودی عرب کے درمیان مضبوط تعلقات کا جائزہ لیا۔
مشرق وسطی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے برطانوی وزیر اعظم نے علاقائی استحکام کی سپورٹ پر سعودی ولی عہد کے کردار کی تعریف کی اور خطے میں امن وسلامتی کے لیے برطانیہ کے عزم کا اظہار کیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’ دونوں رہنماوں نے جلد ملاقات کرنے، تجارت، سرمایہ کاری اور دفاعی تعاون سمیت مشترکہ دلچسپی کے شعبوں کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے کی امید ظاہر کی‘۔