Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سنگین جرائم میں مطلوب 9 ملزمان متحدہ عرب امارات سے گرفتار: ایف آئی اے

ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے (فوٹو: پکسابے)
پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے کہا ہے کہ خصوصی آپریشن کے دوران سنگین جرائم میں مطلوب 9 ملزمان کو متحدہ عرب امارات سے گرفتار کر لیا گیا ہے۔
جمعرات کو ایف آئی اے کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملزمان کی گرفتاری انٹرپول اسلام آباد  اور نٹرپول ابوظہبی کے ساتھ مشترکہ حکمت عملی کے نتیجے میں عمل میں لائی گئی۔
’گرفتار ملزمان پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔ گرفتار ملزمان میں عرفان اصغر، فرحان نزاکت، ثمر عباس، نجیب اللہ اور صدام حسین شامل ہیں۔‘
بیان کے مطابق دیگر گرفتار ملزمان میں محمد رفیق، محمد ثاقب، محمد عثمان اور طارق محمود شامل ہیں۔
’ملزمان کے خلاف قتل اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمے درج تھے۔ ملزم طارق محمود گذشتہ 14 سال سے پنجاب پولیس کو مطلوب تھا۔ جبکہ ملزم محمد رفیق کے خلاف سال 2011 میں مقدمہ درج ہوا تھا۔‘
بیان میں کہا گیا ہے کہ ملزم نجیب اللہ سال 2014 جبکہ ملزم صدام حسین سال 2018 میں قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا۔ دیگر گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات سال 2020 سے 2023 کے دوران درج کیے گئے۔
گرفتار ملزمان میں سیالکوٹ پولیس کو 3, ڈی جی خان پولیس کو 2 ملزمان مطلوب تھے۔ جبکہ فیصل آباد، گجرانوالہ، پاکپتن اور بھکر پولیس کو 1،1 ملزم مطلوب تھا۔
’ملزمان قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گئے تھے۔‘
گرفتار ملزمان کو لاہور ایئرپورٹ پر پنجاب پولیس حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

شیئر: