Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودیہ ایئر کا ایک سو الیکٹریکل طیارے خریدنے کا معاہدہ

طیاروں کی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ ہے(فوٹو، ایس پی اے)
وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹک سروسز انجینئرصالح الجاسر کا کہنا ہے کہ سعودیہ ایئرلائن کی جانب سے جرمن طیارہ ساز کمپنی کے ساتھ کیا جانے والا عظیم معاہدہ ہے جس کے تحت قومی فضائی کمپنی بجلی سے چلنے والے 100 طیارے خریدے گی۔
سبق نیوز کے مطابق وزیر ٹرانسپورٹ کا مزید کہنا تھا کہ مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ  الیکٹریکل طیارے فضائی ٹیکسی کے طورپر بھی استعمال ہوں گے جو ماحول دوست ہیں اور انکی تیاری میں اسمارٹ ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے۔
الجاسر نے مذکورہ معاہدے کے حوالے سے مزید بتایا کہ الیکٹریکل طیاروں کے سعودیہ ایئرکے بیڑے میں خوش آئند اضافہ ہوگا جو لاجسٹک سروسز کے میدان میں انتہائی مفید ثابت ہوں گے۔
نئے دور کے طیارے سیاحتی مقاصد کے علاوہ عازمین حج اور دیگر مہمانوں کو نقل و حمل کی مثالی خدمات کے لیے استعمال کیے جاسکیں گے۔
دریں اثنا سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کی قومی فضائی کمپنی نے جرمن ’لیلوم‘ کمپنی کے ساتھ الیکٹریکل طیاروں کی خریداری کا معاہدہ کیا ہے جس کے تحت ابتدائی طورپر کمپنی سے 50 ’لیلوم جیٹ‘ خریدے جائیں گے بعدازاں مزید 50 طیاروں کی خریداری ہوگی۔

طیاروں کی پہلی کھیپ سال 2026 میں موصول ہو جائے گی (فوٹو، ایس پی اے)

جدید طیاروں کی یہ خصوصیت ہے کہ انہیں رن وے کی ضرورت نہیں ہوتی بلکہ وہ ہیلی کاپٹر کی طرح عمودی صورت میں فضا میں بلند ہوتے ہیں اوراسی طرح لینڈ کرتے ہیں۔ مذکورہ طیارے ایک بار میں 175 کلو میٹر کا مسافت طے کرتے ہیں جبکہ انکی رفتار 250 کلو میٹر فی گھنٹہ ہوتی ہے۔
الیکٹریکل طیاروں کی پہلی کھیپ سال 2026 میں سعودیہ ایئرلائن کو موصول ہوجائے گی جس کے بعد اس کی تجرباتی اڑان کی مدت مکمل ہونے کے آپریشن کی منظوری سول ایوی ایشن کے مقررہ ضوابط کے مطابق دی جائے گی ۔

شیئر: