دوران حج خودکار فضائی ٹیکسی کی سہولت متعارف کروا دی گئی
دوران حج خودکار فضائی ٹیکسی کی سہولت متعارف کروا دی گئی
بدھ 12 جون 2024 16:23
سعودی عرب نے اس سال حج کے دوران عازمین کے لیے پہلی بار خودکار فضائی ٹیکسی سروس کی سہولت متعارف کروائی گئی ہے۔
سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی واس کے مطابق خودکار فضائی ٹیکسی عازمین کو مقدس مقامات پر سفر کی سہولت مہیا کرنے کے علاوہ سامان کی فوری ترسیل اور ہنگامی حالت میں طبی خدمات کے لیے بھی استعمال کی جائے گی۔
سعودی وزیر برائے ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز انجینئرصالح بن ناصر الجاسر نے افتتاح کے موقع پر بتایا ہے کہ یہ دنیا کی پہلی ایسی فلائنگ ٹیکسی سروس ہے جو سول ایوی ایشن اتھارٹی کی لائسنس یافتہ ہے۔
سعودی وزیر ٹرانسپورٹ نے بدھ کے روز جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن (GACA) کے صدر عبدالعزیز الدعیلج کی موجودگی میں تجرباتی بنیاد پر فضائی ٹیکسی کے عمودی ٹیک آف کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر نائب وزیر ٹرانسپورٹ و لاجسٹک سروسز رمیح الرمیح، ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اداروں کے متعدد نمائندے بھی موجود تھے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے کہا کہ فضائی ٹیکسی کا افتتاح مستقبل کی جدید ترین ٹرانسپورٹ ٹیکنالوجیز کو لاگو کرنے اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے جدید ایجاد کو آرٹیفیشل انٹیلی جینس ایپلی کیشنز کے استعمال کے ساتھ اپنانے کی کوشش کا حصہ ہے۔
صالح بن ناصر نے بتایا کہ قومی نقل و حمل و لاجسٹک حکمت عملی کے مطابق مملکت کا عزم فضائی ٹیکسی ٹیکنالوجیز، الیکٹرک کاروں اور ہائیڈروجن ٹرینوں کے ذریعے ٹرانسپورٹ کے شعبے کو جدید بنانا ہے۔
وزارت ٹرانسپورٹ جدید نقل و حمل کو وسعت دینے کے لیے قانون سازی اور نظام تیار کرنے کے لیے کام کر رہی ہے جس میں جدید ٹیکنالوجی کے لیے روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔
سول ایوی ایشن کے صدر عبدالعزیز الدعیلج نے کہا کہ فضائی ٹیکسی جدید فضائی نقل و حرکت کے لیے کئے جانے والے اہم اقدامات میں سے ایک ہے۔
اس فضائی ٹیکسی کا مقصد خاص طور پر ہنگامی صورتحال میں طبی و دیگر سامان کی نقل و حمل میں سہولت فراہم کرنا، انتہائی رش والے علاقوں میں مسافروں کی محدود وقت میں نقل و حمل کے ساتھ ساتھ فضائی نگرانی اور فراہم کردہ سہولیات کا جائزہ لینا ہے۔
فضائی ٹیکسی سروس رواں سال حج کے دوران عازمین کی خدمت کے لیے استعمال کی گئی 32 جدید ٹیکنالوجیز میں سے ایک ہے۔
سعودی عرب کی مزید خبروں کے لیے واٹس ایپ گروپ جوائن کریں