Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی ٹی آئی سیکریٹیریٹ پر چھاپہ، رؤف حسن اسلام آباد پولیس کی حراست میں

اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر کو چھوڑ دیا ہے تاہم مرکزی ترجمان رؤف حسن تاحال حراست میں ہیں۔
پیر کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سینیٹر شبلی فراز نے چیئرمین پی ٹی آئی اور مرکزی ترجمان کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ یہ نہیں معلوم کہ ان کو کس کیس میں گرفتار کر کے لے گئے ہیں۔
اسلام آباد پولیس ترجمان کے مطابق ’بیرسٹر گوہر کو پوچھ گچھ کے لیے لے کر گئے تھے لیکن وہ کسی ایف آئی آر میں مطلوب نہیں۔‘
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ ’پولیس نے رؤف حسن کو اپنے پاس رکھا، اور بیرسٹر گوہر کو گھر چھوڑ دیا۔‘
پاکستان تحریک انصاف نے کہا تھا کہ اسلام آباد میں سینٹرل سیکریٹریٹ پر پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔ 
اسلام آباد پولیس کے سینیئر افسران اے ٹی ایس سکواڈ اور لیڈی پولیس اہلکاروں کے ہمراہ پی ٹی آئی مرکزی سیکریٹریٹ پہنچے تھے۔
پی ٹی آئی نے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس اپنے ہمراہ سیکریٹریٹ سے کمپیوٹرز سمیت اہم ڈیٹا لے کر گئی۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’حکومت اپنی آخری دنوں میں بدقسمت ہاتھی کی طرح پاگل ہو چکی ہے۔‘
اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ ’چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر  گوہر علی خان، سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن، پی ٹی آئی لاہور کے رہنما چودھری شبیر گجر اور خالد محمود کی غیر قانونی گرفتاری کی مذمت کرتا ہوں۔‘

شیئر: