Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’خاتون سے رات کو اس لیے ملنے گیا کیونکہ ڈاکٹر نے دھوپ میں نکلنے سے منع کیا ہے‘

پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے کہا ہے کہ وہ اس وقت بیمار ہیں اور ڈاکٹر نے انہیں پانچ سال کے لیے دھوپ میں جانے سے منع کیا ہے۔
پیر کی رات کو خلیل الرحمان قمر نے لاہور میں ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) آپریشنز کے ساتھ پریس کانفرنس کی جس میں انہوں نے صحافیوں کے سوالوں کا جواب دیا۔
جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ خاتون سے آدھی رات کو ملنے کیوں گئے تھے تو انہوں نے کہا ’ڈاکٹروں نے مجھے دھوپ میں جانے سے منع کر رکھا ہے، اگر نہ بھی کیا ہوتا تب بھی وہ راتوں میں لوگوں سے ملاقاتیں کرتے ہیں اور اس میں جینڈر کی تمیز نہیں کی جاتی کہ یہ خاتون ہے یا یہ مرد۔‘
خلیل الرحمان نے کہا ’میں کئی مرتبہ ایسی ملاقاتیں کر چکا ہوں، جب میں مردوں سے راتوں کو ملتا ہوں اس وقت کوئی اعتراض نہیں ہے۔ میں چار بجکر 40 منٹ پر وہاں تنظیم سازی کے لیے گیا تھا؟‘
صحافی نے سوال کیا کہ خاتون کا کہنا ہے آپ کی اس سے کافی دن سے بات چیت چل رہی تھی اور آپ نے زبردستی میسجز کیے جس پر خلیل الرحمان قمر کا کہنا تھا کہ ’میری 15 دن سے خاتون سے بات چل رہی تھی اور میں نے کوئی زبردستی کی کوشش نہیں کی۔‘
واضح رہے اتوار کو خبر سامنے آئی تھی کہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد لاہور کے مضافاتی علاقے سُندر میں پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کیا تھا۔
پیر کو ڈی آئی جی آرگنائزڈ کرائم یونٹ (او سی یو) عمران کشور نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ پولیس نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے واردات میں ملوث 12 ملزمان گرفتار کر لیے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ’خلیل الرحمان قمر کو ہنی ٹریپ کرنے والی خاتون کو بھی گرفتار کر لیا گیا جس سے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جا رہی ہے۔
ڈرامہ نگار کی درخواست پر اغوا اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت تھانہ سندر لاہور میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق ملزمان خلیل الرحمان قمر کو اغوا کر کے ان سے ایک کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کرتے رہے۔ تاوان کی رقم نہ دینے پر ملزمان نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔
ملزمان کو وقوعہ کے چند گھنٹوں بعد ہی ٹریس کرکے گرفتار کر لیا گیا اور ان سے وقوعہ میں استعمال ہونے والی تین  گاڑیاں ، وائر لیس سیٹ، جدید رائفلیں، پسٹلز اور درجنوں گولیاں برآمد ہوئیں۔

شیئر: