Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

جب خلیل الرحمان قمر نے خواتین کو ’برابری کے لیے‘ کسی مرد کو اغوا کرنے کا کہا

ایف آئی آر کے مطابق آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان کو فون کر کے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں۔ (فوٹو: خلیل الرحمان قمر فیس بک)
پاکستان کے معروف ڈرامہ نگار خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا حالیہ واقعہ سوشل میڈیا پر ٹاپ ٹرینڈ بن چکا ہے۔
اس واقعے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر خلیل الرحمان قمر کے ایک پرانے انٹرویو کی ویڈیو زیر گردش ہے جس میں وہ خواتین کو مردوں کی برابری کے لیے کسی مرد کو اغوا کرنے کی بات کر رہے ہیں۔
انٹرنیٹ پر یہ ویڈیو اس وقت وائرل ہو چکی ہے جس میں خلیل الرحمان قمر کہہ رہے ہیں ’مجھ سے کچھ ماہ پہلے کسی نے مرد و خواتین کی برابری کے بارے میں پوچھا تو میں نے ان سے سوال کیا کہ آپ نے کبھی خبر پڑھی ہے کہ پانچ مردوں نے مل کر لڑکی اغوا کر لی، جس پر جواب ملا جی ہاں پڑھی ہے۔‘
خلیل الرحمان نے مزید کہا ’تو کیا آپ نے یہ خبر پڑھی ہے کہ پانچ لڑکیوں نے مل کر کسی مرد کو اغوا کر لیا؟ اگر مردوں کی برابری کرنی ہے تو یہ کر کے دکھائیں۔‘
سوشل میڈیا صارفین اس ویڈیو کو مختلف عنوان دے کر شیئر کر رہے ہیں۔ اظہر خان نامی صارف نے اپنی پوسٹ میں لکھا ’آمنہ عروج نے تو خلیل الرحمن قمر کی خواہش پوری کی ہے۔‘

حسن سعید نامی صارف نے لکھا کہ ’سوال یہ ہے کہ خلیل الرحمان قمر آدھی رات کو ایسی خاتون سے ملنے کیوں گئے جنہیں وہ جانتے نہیں۔ انہیں گھر پر رہنا چاہیے تھا۔‘

عمر نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ ’سچ تو یہ ہے کہ جو خلیل الرحمان کے ساتھ ہوا وہ کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔‘

جہاں اس واقعے پر تبصرے ہو رہے ہیں وہیں کچھ صارفین اس کی مذمت کرتے بھی دکھائی دیے۔
خدیجہ نے لکھا کہ ’خلیل الرحمان قمر کے ساتھ جو کچھ ہو رہا ہے اس سے لطف اندوز ہونے کے لیے آپ کو بہت گرا ہوا ہونا پڑے گا۔‘

خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کے واقعے کی ایف آئی آر درج
واضح رہے اتوار کو خبر سامنے آئی تھی کہ خلیل الرحمان قمر کے ساتھ ڈکیتی اور اغوا کا واقعہ پیش آیا ہے جس کے بعد لاہور کے مضافاتی علاقے سُندر میں پولیس نے واقعے کا مقدمہ خلیل الرحمان کے بیان پر درج کر لیا ہے۔
ایف آئی آر کے مطابق ’آمنہ نامی خاتون نے خلیل الرحمان کو فون کرکے بلایا کہ وہ ڈرامہ بنانا چاہتی ہیں۔ گھر پہنچنے پر مسلح افراد نے واردات کی اور اغوا کر لیا۔‘
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ’ملزمان تشدد کرتے رہے اور مختلف جگہوں پر گھومتے رہے۔ ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے رشتے داروں سے پیسے منگوانے کا کہا۔‘
مزید لکھا گیا کہ ’ملزمان نے موبائل، گھڑی اور نقدی چھینی، اے ٹی ایم کارڈ سے اڑھائی لاکھ سے نقدی ٹرانسفر کی اور ملزمان آنکھوں پر پٹیاں باندھ کر ویران جگہ چھوڑ کر فرار ہو گئے۔‘

شیئر: