موسم گرما میں جسم کو کیسے محفوظ رکھیں ، فوڈ اتھارٹی کی ہدایات
موسم گرما میں جسم کو کیسے محفوظ رکھیں ، فوڈ اتھارٹی کی ہدایات
بدھ 24 جولائی 2024 5:26
جسم کو پانی کی کمی سے محفوظ رکھنے کےلیے فائبر والی سبزیاں استعمال کریں(فوٹو، ایکس )
سعودی فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں جسم کو ترو تازہ رکھنے کےلیے ایسی سبزیاں اور پھل استعمال کریں جن میں پانی کی مقدار زیادہ ہو ۔ جسم کو پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے کا یہ بہترین ذریعہ ہے۔
سعودی خبررساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے موسم گرما کے حوالے سے جاری احتیاطی تدابیر میں مزید کہا ہے کہ ان دنوں مملکت میں گرمی عروج پر ہے اس دوران ضروری ہے کہ جسم کو مرطوب رکھا جائے تاکہ اس میں خشکی پیدا نہ ہو۔
جسم کو پانی کی قلت سے محفوظ رکھنے کے لیے ایسی سبزیاں ( پالک ، کھیرا وغیرہ ) جن میں فائبر کی کافی مقدار ہوتی ہے ان کا استعمال صحت بخش ہوتا ہے۔
پانی کے توازان کو برقرار رکھنے کےلیے تربوز کا استعمال بھی کافی اہم ہے جس میں بڑی مقدار میں پانی موجود ہوتا ہے جبکہ فائبر کی وجہ سے خون میں شوگر کے لیول کو بھی برقرار رکھا جاسکتا ہے۔
اتھارٹی کا مزید کہنا تھا کہ پھلوں کے جوس سے بہتر ہے کہ گودے سمیت کھایا جائے کیونکہ پھلوں اور سبزیوں کے گودے میں قدرتی طورپر فائبر کی بڑی مقدار پائی جاتی ہےجو جسم کے لیے بے حد ضروری ہوتا ہے۔
فوڈ اینڈ ڈرگ اتھارٹی نے موسم گرما کے سیزن میں تفریح کےلیے جانے والوں کے لیے احتیاطی تدابیر پرمشتمل ہدایات میں مزید کہا ہے کہ پھل اور سبزیوں کو استعمال کرنے سے قبل انہیں صرف تازہ پانی سے اچھی طرح دھو لیا جائے۔