امریکی سپر ماڈل بیلا حدید سے ’ایڈیڈاس‘ نے معافی مانگ لی
امریکی سپر ماڈل بیلا حدید سے ’ایڈیڈاس‘ نے معافی مانگ لی
بدھ 24 جولائی 2024 16:33
بیلا حدید ایڈیڈاس کمپنی پر قانونی کارروائی کے لیے غور کر رہی ہیں۔ فوٹو انسٹاگرام
جرمنی کی معروف سپورٹس ویئر کمپنی ’ایڈیڈاس‘ نے اشتہاری مہم سے دستبردار کیے جانے پر فلسطین نژاد امریکی سپر ماڈل بیلا حدید سے معافی مانگ لی ہے۔
عرب نیوز کے مطابق سکائی نیوز کی بدھ کو شائع ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جرمن کمپنی کے تیار کردہ سنیکرز کی یہ اشتہاری مہم 1972 کے میونخ اولمپکس کے حوالہ سے تھی۔
1972 میں ہونے والے میونخ اولمپکس گیمز میں 11 اسرائیلی ایتھلیٹس اور ایک جرمن پولیس افسر ’بلیک ستمبر‘ گروپ کے ہاتھوں مارے گئے تھے۔
اسرائیل سے منسلک پریشر گروپس نے الزام لگایا ہے ’ایڈیڈاس کی یہ اشتہاری مہم بیلا حدید کے جزوی فلسطینی پس منظر کی وجہ سے ایک طرح کا جرم ہے۔‘
ایڈیڈاس نے 1972 کے اولمپکس میں تیار کیے جانے والے اپنے سنیکرز SL-72 کے دوبارہ لانچ کے اشتہار میں بیلا حدید کو ماڈل کے طور پر لیا تھا۔
دوسری جانب امریکی ماڈل بیلا حدید ایڈیڈاس کی جانب سے مبینہ طور پر انہیں اشتہار سے الگ کرنے کے فیصلے پر قانونی کارروائی کے لیے غور کر رہی ہیں۔
ایڈیڈاس نے انسٹاگرام پر پوسٹ لگائی ہے ’ہمارا حالیہ SL-72 کا اشتہار نادانستہ غلطی ہے اور ہم دنیا بھر کی کسی بھی کمیونٹیز کو ہونے والی پریشانی یا تکلیف کے لیے معذرت خواہ ہیں۔ ‘
ایڈیڈاس نے کہا ہے ’ہم اپنے اس اشتہار پر نظرثانی کر رہے ہیں اور تمام شراکت داروں، بیلا حدید، امریکن ریپر ASAP Nast، فرانسیسی فٹبالر جولیس کاؤندے اور دیگر سے کسی منفی اثر کے لیے معذرت خواہ ہیں۔
متعدد اسرائیلی اور یہودی پریشر گروپس نے ایڈیڈاس کے اس اشتہار میں بیلا حدید کی شمولیت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔
امریکی سپر ماڈل طویل عرصے سے فلسطینی کاز کی کھل کر حمایت کرتی رہی ہیں اور غزہ میں اسرائیلی جنگ پر تنقید کرتی رہی ہیں۔
امریکن جیوش کمیٹی نے دعویٰ کیا ہے’ایڈیڈاس نے اپنے اشتہار کے لیے اسرائیل مخالف آواز والی ماڈل کو لیا ہے جو یا تو اچھی خاصی غلطی ہے یا جان بوجھ کر اشتعال انگیزی ہے۔‘