Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

توہین الیکشن کمیشن کیس، فواد چوہدری کا جیل ٹرائل کالعدم قرار

فیصلے کے بعد جیل میں الیکشن کمیشن کی کارروائی میں عائد کی گئی فردِ جرم غیرمؤثر ہو گئی۔ فائل فوٹو: سکرین گریب
اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کالعدم قرار دے دیا ہے۔
جمعرات کو اسلام آباد ہائیکورٹ کی جسٹس ثمن رفعت امتیاز نے جیل ٹرائل کے خلاف سابق وزیر اطلاعات کی دائر درخواست منظور کی۔
توہینِ الیکشن کمیشن و چیف الیکشن کمشنر کیس میں فواد چوہدری کا جیل ٹرائل راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کیا گیا تھا۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے فواد چوہدری کی درخواست منظور کیے جانے کے بعد توہینِ الیکشن کمیشن کیس میں اب تک کی تمام عدالتی کارروائی کالعدم ہو گئی ہے۔
اس فیصلے کے بعد جیل میں الیکشن کمیشن کی کارروائی میں عائد کی گئی فردِ جرم بھی غیرمؤثر ہو گئی ہے۔ 
رواں ماہ کے دوسرے ہفتے میں توہین الیکشن کمیشن کیس میں سابق وفاقی وزیر فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری بھی جاری کیے گئے تھے جب وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔
گیارہ جولائی کو الیکشن کمیشن میں ممبر کمیشن نثار درانی کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے عمران خان اور فواد چودھری کے خلاف توہین چیف الیکشن کمشنر اور توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت کی تھی۔ 
اس سماعت کے دوران مسلسل غیر حاضری پر الیکشن کمیشن نے فواد چودھری کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔
اُس سماعت میں الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ ہائیکورٹ نے عمران خان کے حق میں کوئی حکم امتناع جاری نہیں کیا تھا۔

شیئر: