Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

عماد خان ریال میڈرڈ سکول سے ماسٹرز کرنے والے پہلے پاکستانی طالب علم

ریال میڈرڈ دُنیا کا مشہور فٹبال کلب ہے جس میں عالمی سطح پر معروف کھلاڑی کھیلتے ہیں۔ فوٹو: عماد خان انسٹاگرام
پاکستان کے عماد خان نے رواں ماہ اُس وقت تاریخ رقم کی جب سپین کے ریال میڈرڈ گریجویٹ سکول سے فٹبال کوچنگ اور مینجمنٹ میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کی۔
عماد خان دس برس کی عمر سے فٹبال کھیل رہے ہیں اور وہ سنہ 2016 میں پاکستان کی قومی ٹیم کے ساتھ سری لنکا کے دورے پر بھی گئے تھے۔
وہ اسلام آباد میں ایک سپورٹس کلب اور فٹبال اکیڈمی بھی چلاتے ہیں۔
جون 2022 میں جب انہوں نے فٹبال کوچنگ اور مینجمنٹ میں ماسٹر کی ڈگری کے لیے ریال میڈرڈ گریجویٹ سکول میں داخلہ لیا تو وہ اس کورس کے لیے وہاں جانے والے پہلے پاکستانی بنے۔
عماد خان نے بدھ کو سوشل میڈیا سائٹ انسٹاگرام پر اپنی گریجویشن تقریب کی ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے کیپشن لکھا کہ ’ریال میڈرڈ میں گریجویشن اس طرح نظر آتی ہے۔‘
ویڈیو میں عماد خان کو سپین کے ایک فٹ بال سٹیڈیم میں اپنی گریجویشن تقریب میں شرکت کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جہاں اُن کا نام پکارا جاتا ہے۔
عماد خان کو 2016 میں ریال میڈرڈ گریجویٹ سکول میں داخلہ مل گیا تھا لیکن وہ جا نہیں لے سکے کیونکہ انہیں مالی امداد کی ضرورت تھی۔ بعد میں اسے بلقیس اور عبدالرزاق داؤد (بارڈ) فاؤنڈیشن نے سپانسر کیا جس سے اُن کو 2022 میں داخلے کے بعد تعلیم مکمل کرنے میں مدد ملی۔
بارڈ فاؤنڈیشن نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کیا کہ ’فاؤنڈیشن فخر کے ساتھ عماد خان کی تاریخی کامیابی کی خوشی میں شامل ہے جنہوں نے فٹ بال کوچنگ اور مینجمنٹ میں ریال میڈرڈ گریجویٹ سکول سے امتیازی حیثیت کے ساتھ ماسٹرز کیا۔‘
ریال میڈرڈ دُنیا کا مشہور فٹبال کلب ہے جس میں عالمی سطح پر معروف کھلاڑی کھیلتے ہیں۔
پاکستان جہاں کرکٹ لوگوں میں بہت زیادہ مقبول کھیل ہے وہاں فٹبال کے شائقین کی بڑی تعداد ریال میڈرڈ کلب کی پُرجوش حامی ہے۔
سنہ 2022 میں عماد خان نے عرب نیوز سے گفتگو میں کہا تھا کہ وہ پاکستان کے نوجوان فٹبال ٹیلنٹ کو آگے لانا چاہتے ہیں۔
’میں پاکستان کی طرف سے فٹبال کھیلتا ہوں اور چاہتاہوں کہ انڈر 18 اور انڈر 16 کھلاڑیوں پر کام کروں۔‘

شیئر: