Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

فیفا کا ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے نسل پرستانہ نعروں کی تحقیقات کا اعلان

فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن نے ان نعروں کی فیفا سے شکایت کی تھی۔ فوٹو اے ایف پی
فٹبال انٹرنیشنل فیڈریشن فیفا نے کہا ہے کہ 16 ویں بار کوپا امریکہ کپ جیتنے والی ٹیم ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کے نسل پرستانہ نعروں کی تحقیقات ہو گی۔
اے ایف پی نیوز ایجنسی کے مطابق فٹبال کی عالمی گورننگ باڈی کے ترجمان نے بدھ کو بتایا  ’سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ارجنٹائنی کھلاڑیوں کی بس کے اندر کی ویڈیو سے آگاہ ہیں اور اس واقعے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا عالمی فٹبال فیڈریشن کھلاڑیوں، شائقین اور عہدیداروں سمیت کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی سختی سے مذمت کرتی ہے۔
میامی میں کوپا کپ کے فائنل میں کولمبیا کے خلاف فتح کے بعد چیلسی اور ارجنٹائن کے مڈفیلڈر اینزو فرنانڈیز کی جانب سے ٹیم بس سے اتوار کو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی لائیو ویڈیو کے دوران نسل پرستانہ نعرے سنے گئے۔
23 سالہ اینزو فرنانڈیز سمیت کچھ کھلاڑی 2022 کے ورلڈ کپ فائنل سے متعلق ایک گانا گا رہے تھے جس میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دی تھی۔
اس گانے میں فرانس کے سٹار سٹرائیکر کیلان ایمباپے کو نسل پرستی کا نشانہ بنایا گیا اور نعروں میں نسل پرستانہ القابات اور توہین شامل تھی۔
چیلسی فٹبال کلب نے اس سے قبل اعلان کیا تھا کہ اس واقعے کے بعد فرنینڈز کے خلاف کلب کی جانب سے تادیبی کارروائی شروع کی گئی ہے۔
فرنانڈیز نے معافی مانگ لی ہے اور چیلسی کلب نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ہم نے کلب کی حد تک تادیبی کارروائی کا طریقہ کار طے کر لیا ہے۔

ارجنٹائن کے فرنانڈیز نے امتیازی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی۔ فوٹو اے ایف پی

چیلسی فٹ بال کلب کا مزید کہنا ہے کہ کسی بھی کھلاڑی یا ٹیم کے لیے کسی قسم کا امتیازی سلوک مکمل طور پر ناقابل قبول ہے۔
ہم اپنے کھلاڑی کی عام معافی تسلیم کرتے ہیں اور اس کی تعریف کرتے ہیں اور اس انداز کو دوسروں کی تربیت کے لیے نمونے  کے طور پر استعمال کریں گے۔
فرنانڈیز جنہوں نے 2023 میں پریمیئر لیگ کی 105 ملین پونڈ ریکارڈ فیس کے ساتھ بینفیکا کلب سے چیلسی کلب میں شمولیت اختیار کی، انہوں نے اپنی معذرت میں کہا ’گانے میں انتہائی جارحانہ الفاظ شامل ہیں اور ان الفاظ کے لیے میں کوئی عذر پیش نہیں کروں گا، میں معذرت چاہوں گا اور میں ہر قسم کے امتیازی سلوک کے خلاف کھڑا ہوں۔

فیفا کسی بھی قسم کے امتیازی سلوک کی سختی سے مذمت کرتا ہے۔ فوٹو اے پی

قبل ازیں فرانسیسی فٹ بال فیڈریشن (ایف ایف ایف) نے پیر کو ان نعروں کے بارے میں فیفا سے شکایت کی تھی۔
ایف ایف ایف کے صدر فلپ ڈیالو نے فرانس کی ٹیم کے کھلاڑیوں کے خلاف ناقابل قبول نسل پرستانہ اور امتیازی ریمارکس کی سختی سے مذمت کی۔
فرانس نے 2018 ورلڈ کپ کے گروپ 16 میں ارجنٹائن کو شکست دی تھی۔

شیئر: