Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

شارجہ پولیس نے 10 لاکھ درھم کے لیپ ٹاپ چرانے والا گروہ گرفتار کر لیا

چاروں عرب شہری خود کو پولیس اہلکار ظاہر کررہے تھے۔ (فوٹو الامارات الیوم)
شارجہ پولیس نے لوٹ مار کی وارداتوں میں ملوث عرب ملک سے تعلق رکھنے والے 4 رکنی گروہ کو انتہائی مختصر وقت میں گرفتار کر لیا ہے۔ ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتے ہوئے نجی کمپنی کے ایشیائی کارکن سے 10 لاکھ درھم سے زیادہ مالیت کے لیپ ٹاپ چھینے تھے۔
الامارات الیوم اخبار کے مطابق شارجہ پولیس کو اطلاع ملی کہ نجی کمپنی کے ایک ایشیائی ملازم کو لوٹ لیا گیا ہے جو کمپنی کے 1،840 لیپ ٹاپ لے کر جا رہا تھا۔
متاثرہ ملازم نے پولیس کو بتایا کہ صنعتی علاقے سے گزرتے ہوئے اسے 4 افراد نے روکا جو خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر رہے تھے اور گاڑی کی تلاشی لینے کے لیے کہا اور اسے زد وکوب کرنے کے بعد گاڑی میں رکھے تمام لیپ ٹاپ لے کر فرار ہو گئے۔
پولیس نے اطلاع ملتے ہی ملزمان کی گرفتاری کے لیے علاقے کی ناکہ بندی کر دی۔ مختلف ممکنہ شاہراہوں پر پولیس نے ملزمان کی تلاش شروع کر دی۔ واردات کے 48 گھنٹوں کے اندر چاروں ملزمان کو حراست میں لے کر مسروقہ سامان برآمد کر لیا گیا۔
اس ضمن میں شارجہ پولیس نے ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کرنل عبدالرحمان الشامسی نے بتایا کہ مدعی کے بیان کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کی ممکنہ شناخت حاصل کی گئی اور علاقے کی تمام پیٹرولنگ پارٹی کو دے دیا گیا۔
کرنل الشامسی نے مزید بتایا کہ پولیس ٹیمیں جلد ہی ملزمان تک پہنچ گئیں جنہوں نے مسروقہ سامان کی نشاندہی کی جو برآمد کر لیا گیا جبکہ گروہ کے چاروں افراد کے خلاف مقدمہ دائر کر کے چالان عدالت کو ارسال کر دیا گیا۔
 
امارات کی خبروں کے لیے ”اردو نیوز یو اے ای“ گروپ جوائن کریں

شیئر: