Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

انڈیا کو شکست، سری لنکا نے ویمنز ایشیا کپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا

سری لنکن ٹیم اس میچ میں فتح کے بعد پہلی مرتبہ ویمنز ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔ (فوٹو: گیٹی امیجز)
ویمنز ایشیا کپ کے فائنل میں سری لنکا نے انڈیا کو 8 وکٹوں سے ہرا کر پہلی مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
اتوار کو دمبولا میں کھیلے گئے فائنل میچ میں انڈیا کی جانب سے دیے گئے 166 رنز کے ہدف کو سری لنکا نے 18.4 اوورز میں دو وکٹوں کے نقصان پر بآسانی حاصل کر لیا۔
سری لنکا کی جانب سے ہرشیتھا سماراوِکاراما نے ناقابل شکست رہتے ہوئے 69 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ کپتان چماری اتھاپتتھو نے 61 رنز بنائے۔
انڈیا کی جانب سے دیپتی شرما صرف ایک وکٹ حاصل کر سکیں جبکہ ایک سری لنکن بیٹر رن آؤٹ ہوئیں۔
اس سے قبل انڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے۔
انڈیا کی طرف سے سمتری مندھنا نے 60، ریچا گھوش نے 30 اور جمائمہ روڈریگز نے 29 سکور بنائے۔
سری لنکا کی جانب سے کاوِیشا دِلہاری نے دو جبکہ سچنی نسانلا اور چماری اتھاپتتھو نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
سری لنکن ٹیم اس میچ میں فتح کے بعد پہلی مرتبہ ویمنز ایشیا کپ جیتنے میں کامیاب رہی۔
خیال رہے کہ ویمنز ایشیا کپ کے پہلے سیمی فائنل میں انڈیا نے بنگلہ دیش کو شکست دی تھی جبکہ دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو ہرا دیا تھا۔
میچ میں عمدہ کارکردگی دکھانے پر ہرشیتھا سماراوِکاراما کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
ٹورنامنٹ میں 304 رنز بنانے اور تین وکٹیں حاصل کرنے پر سری لنکن کپتان چماری اتھاپتتھو کو پلیئر آف دی سیریز کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔

شیئر: