Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ویمنز ایشیا کپ کا سیمی فائنل: سنسنی خیز مقابلے کے بعد سری لنکا کی پاکستان کے خلاف فتح

پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے چار وکٹوں کی نقصان پر 140 رنز بنائے (فوٹو: پی سی بی)
آئی سی سی ویمنز ایشیا کپ ٹی20 کے دوسرے سیمی فائنل میں سری لنکا نے پاکستان کو شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر دیا۔
جمعے کو دمبولا میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکن ویمنز نے پاکستان کی جانب سے دیا جانے گیا 141 رنز کا ہدف 7 وکٹوں کے نقصان پر میچ کے اختتام سے ایک گیند قبل حاصل کرلیا۔
سری لنکا کی جانب سے کپتان چمای اتھاپاتھو نے 63 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کی بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ اپنے نام کیا۔
اس سے قبل پاکستان ویمنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 140 رنز بنائے۔

پاکستان کی اننگز

پاکستان کی جانب سے منیبہ علی نے 37 رنز جبکہ گل فیروزہ 25 رنز کے ساتھ  نمایاں رہیں۔
فاطمہ ثنا اور کپتان ندا ڈار نے 23، 23 رنز سکور کیے۔ سدرہ امین 10 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئیں جبکہ عالیہ ریاض 16 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔
سری لنکا کی جانب سے پرابودھنی اور دلہاری نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکا کی اننگز

سری لنکا نے ہدف کے تعاقب کا آغاز کیا تو اننگز کے پہلے ہی اوور میں سعدیہ اقبال نے وشمی گونارتنے کو صفر پر ایل بی ڈبلیو کردیا۔
اس کے بعد ہرشیتھا وکرما بھی 12 سکور پر ایل بی ڈبلیو ہو گئیں۔ دو وکٹوں کے نقصان کے بعد کپتان چماری اتاپتو اور کویشا دلہاری نے باہمی شراکت میں 59 رنز کا اضافہ کیا ہی تھا کہ سعدیہ اقبال نے یکے بعد دیگرے کویشا دلہاری کو 17 اور نیلا کشیکا سلوا کو صفر پر آؤٹ کردیا۔
چماری اتاپتو 63 رنز بناکر سعدیہ اقبال کی گیند پر بولڈ ہوئیں۔ وکٹ کیپر انوشکا سنجیوانی نے 24 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔

سری لنکا نے 141 رنز کا ہدف مقررہ اورز سے ایک گیند پہلے حاصل کیا (فوٹو: سری لنکا کرکٹ)

پاکستان کی جانب سے سعدیہ  اقبال نے 4 جبکہ ندا ڈار اور اُمامہ سہیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ  اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں دفاعی چیمپئن انڈیا بنگلہ دیش ویمنز کو شکست دے کر پہلے ہی فائنل میں پہنچ گیا ہے۔
پاکستان ویمنز کو گزشتہ ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں بھی سری لنکا  کے خلاف سیمی فائنل میں صرف ایک رن سے شکست ہوئی تھی۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چئرمین محسن نقوی کی جانب سے ایکس بیان ٹیم کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ ’پاکستان کی ویمن کرکٹ ٹیم پر فخر ہے کہ انہوں نے آخری گیند تک بھرپور طریقے سے کھیلا۔‘

شیئر: